Monday , December 18 2017
Home / ہندوستان / ایرانڈیا کو خانگیانے سے حج پروازوں پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے

ایرانڈیا کو خانگیانے سے حج پروازوں پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے

حج پروازوں کے لئے عالمی فنڈس طلب کرنے حکومت سعودی عرب کے ساتھ تبادلہ خیال کیلئے مرکز پر زور

٭ عازمین کو چھوڑ کر خالی واپس ہونے والے طیاروں کا تجارتی اغراض کیلئے استعمال ضروری
٭ عازمین کو اضافی غذائی پیاکٹ اور پانی کا بوتل دیا جانا ضروری
٭ صاف ستھرے کھانے کے پیاکٹس کی سربراہی کو یقینی بنانے کا مشورہ

نئی دہلی ۔ /8 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکز کی تشکیل شدہ کمیٹی نے کہا ہے کہ اگر ایرانڈیا کو خانگیانے کا فیصلہ کیا گیا تو اس کے حج پروازوں پر بڑے سنگین اثرات مرتب ہوں گے ۔ کمیٹی نے مرکزی حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ اس سلسلہ میں غور خوص کرے ۔ اقلیتی امور و شہری ہوا بازی وزارت کو روانہ کردہ تجاویز میں کہا گیا ہے کہ اگر ایرانڈیا کو خانگیانے کا فیصلہ کیا گیا تو اس غیر مشغول سرمایہ کاری کے ذریعہ پیدا ہونے والی صورتحال کے لئے کیا تیاری کی جارہی ہے ۔ اس پر توجہ دیا جانا چاہئیے ۔ کمیٹی کو حج پالیسی 2018-22 ء کے لئے تجاویز پیش کرنے کی ہدایت دی گئی تھی اس سے یہ بھی تجویز رکھی ہے کہ مرکز کو چاہئیے کہ وہ حج پروازوں کے لئے عالمی فنڈس طلب کرنے سعودی عرب کی حکومت کے ساتھ مل کر تبادلہ خیال کرے ۔ اس پیانل نے جس میں سابق مرکزی سکریٹری افضل امان اللہ کنوینر ہیں ۔ انہوں نے جدہ میں قونصل جنرل ہند کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہیں ۔ اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ ایرچارٹر آپریشن کے دوران طیارے عازمین حج کو لے کر جاتے ہیں لیکن خالی واپس ہوتے ہیں ۔

لہذا دونوں وزارتوں کیلئے یہ مناسب ہوگا کہ وہ واپس ہوئے ان خالی طیاروں کو کمرشیل اغراض کے لئے استعمال کرنے کا جائزہ لیں تاکہ فضائی سفر اور لاگت کو کم کیا جاسکے ۔ کمیٹی نے کہا کہ طیاروں میں عازمین حج کو سربراہ کیا جانے والا کھانا بھی سادہ قسم کا ہونا چاہئیے جس میں کسی قسم کی مرچ مسالہ نہ ہو۔ جہاں تک ممکن ہوسکے عازمین کو فراہم کیا جانے والے کھانے خاص علاقہ کے پلیٹس میں دیئے جائیں جہاں سے یہ عازمین حج سوار ہوتے ہیں ۔ حاجیوں کو دیا جانے والا کھانا بہت ہی عمدہ اور صاف صفائی کے ساتھ پیاک کیا ہونا چاہئیے اور کھانے کے معیار کا جائزہ لینے کے لئے وقتاً فوقتاً معائنہ بھی کرایا جانا چاہئیے ۔ عازمین حج جیسے ہی جدہ یا مدینہ منورہ ایرپورٹ پر پہونچے تو ایرلائینس کو چاہئیے کہ وہ ہر ایک عازم حج کو علحدہ زائد غذائی پیاکٹ اور ایک پانی کا بوتل بھی حوالے کرے تاکہ عازمین حج کو دوران سفر کسی قسم کی تکلیف نہ ہونے پائے ۔ اس پیانل نے اپنی رپورٹ وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی کو کل ممبئی میں حوالے کی ہے ۔ حکومت نے ایرانڈیا کو خانگیانے کی حکمت عملی پر غور کیا ہے اور وزیر فینانس ارون جیٹلی کی قیادت میں وزارتی گروپس اس سلسلہ میں طور طریقہ کا جائزہ بھی لے رہا ہے ۔ حج کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے مرکز کی تشکیل کردہ کمیٹی نے بھی اب تک اس خصوص میں کئی راؤنڈ کے اجلاس منعقد کئے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT