Sunday , November 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / ایرانی خاتون کھلاڑیوں پر ایک سال کی پابندی

ایرانی خاتون کھلاڑیوں پر ایک سال کی پابندی

بیجنگ۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام)  ایران نے چین میں منعقدہ ایک ٹورنمنٹ میں اسلامی قوانین کی خلاف ورزی پراپنے ملک کی بلیئرڈ ٹیم کی چند خاتون کھلاڑیوں پر ایک سال کی پابندی عائد کردی۔ایران کی بولنگ ،بلیئرڈ اور باکسنگ فیڈریشن نے خلاف ورزی کی نوعیت کو واضح نہیں کیا ہے تاہم ایک سالہ پابندی کا اعلان کردیا ہے۔ ایرانی نیوز ایجنسیوں کی رپورٹ کے مطابق حکام نے کہا کہ چائنا اوپن بلیئرڈ ٹورنمنٹ کیلئے بھیجی گئی خواتین پراسلامی قواعد کی خلاف ورزی کی پاداش میں ڈومیسٹک اور تمام بیرونی مقابلوں میں شرکت کیلئے ایک سال کی پابندی ہوگی۔ بلیئرڈ کے کھیل میں بلیئرڈ، پول اور اسنوکر شامل ہیں۔واضح رہے کہ ایران میں خواتین بلیئرڈ کھلاڑیوں پر پابندی کی خبر ایک ایسے وقت میں آئی ہے جب دوماہ قبل دو بہن بھائیوں پر چیس فیڈریشن نے اسلامی اور سیاسی قوانین کی خلاف ورزی پر ضابطے کی کارروائی کا اعلان کیا تھا۔ انٹرنیشنل ماسٹر چمپین دورسا درخشانی گزشتہ دو برسوں سے اسپین میں رہائش پذیر ہیں اور وہ بغیر اسکارف کے چیس کھیلتی ہیں تاہم انھیں فیڈریشن کی جانب سے پابندی اور جرمانے کے علاوہ قید ہوسکتی ہے یا ایران واپس بلایا جاسکتا ہے۔ ان کے چھوٹے بھائی بورنا کو ایران کی جانب سے پابندی کے باوجود اسرائیلی کھلاڑی کے خلاف کھیلنے پر ضابطے کی کارروائی کی خبردی گئی ہے۔ ایرانی خاتون کھلاڑیوں پر بین الاقوامی ٹورنمنٹ میں شرکت کے دوران اسلامی قوانین کے مطابق اسکارف پہننا لازمی ہے۔ ایک ایرانی ویب سائٹ کے مطابق خواتین کھلاڑیوں کو بلیئرڈ کے کھیل میں مقابلوں کے دوران ٹی شرٹ اور جینز پہننے پر بھی پابندی ہے۔سخت قوانین کے باوجود گزشتہ چند برسوں کے دوران ایرانی خواتین نیشنل اور انٹرنیشنل  مقابلوں میں حصہ لے رہی ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں اکرم محمد نے متحدہ عرب امارات میں منعقدہ ایشن چمپیئن شپ میں بلیئرڈ مقابلوں میں میڈل حاصل کرنے والی پہلی ایرانی خاتون بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT