Saturday , October 20 2018
Home / Top Stories / ایران زلزلہ : مہلوکین کی تعداد 450 ہوگئی

ایران زلزلہ : مہلوکین کی تعداد 450 ہوگئی

انقرہ۔14نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایران ۔ عراق سرحد پر اتوار کی شب 7.3 شدت کے خوفناک زلزلہ میں کم سے کم 450 افراد کی ہلاکت کے بعد ایرانی صوبہ کرمان شاہ میں ہزاروں مرد و خواتین اور بچوں نے لگاتار دوسری رات بھی کھلے آسمان کینیچے گذار دی۔ ایران کے پہاڑی صوبہ کرمان شاہ اور پڑوسی عراق کے کردستان لاکھوں افراد دو روز قبل ہلاکت خیز زلزلے میں گھروں کے ڈھیر ہوجانے کے بعد سڑکوں پر آگئے ہیں اور انتہائی سردی کے باوجود بے سروسامانی کے ساتھ کھلے آسمان تلے راتیں گذارنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ صدر حسن روحانی نے آج شہر کرمان شاہ کا دورہ کیا اور متاثرین کو بعجلت ممکنہ امداد رسانی کا تیقن دیا۔ سرکردہ فورس پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل محمد علی جعفری نے کہا کہ خیموں، پانی اور غذا کی فوری ضرورت ہے۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں کے دورہ کے بعد کہا کہ ’’جدید تعمیر شدہ عمارتیں بالکل ٹھیک ہیں لیکن مئی سے تعمیر کردہ قدیم گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں۔دریں اثناء ایران میں زبردست زلزلے میں مہلوکین کی تعداد 450 ہوگئی ہے جبکہ ہزاروں زخمی ہوگئے ہیں۔ زلزلے سے متاثر علاقوں میں راحت اور بچاؤ کا کام مکمل ہوگیا ہے ۔ ایمرجنسی میڈیکل سروس کے چیف پیر حسین نے ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا کہ مغربی صوبے کرمان شاہ میں راحت کا کام مکمل ہوگیا ہے ۔ ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق ہزاروں افراد کو راحت کیمپوں میں رکھا گیا ہے جبکہ بڑی تعداد میں لوگ کھلے آسمان کے نیچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کو آئے ریختر پیما پر 7.3 کے زلزلے کے بعد تقریباً 193 جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ زلزلہ سے ایران کے 14 صوبے متاثر ہوئے ہیں۔زلزلہ سے متاثر ہ ایک خاتون نے کہا کہ خیموں کی کمی کی وجہ سے ان کے گھر کے افراد کو کھلے آسمان کے نیچے رات گزارنی پڑی ۔ خاتون نے کہا کہ رات میں بہت سردی ہے ۔ ہمیں مدد کی ضرورت ہے ۔ ہمیں ہر چیز کی ضرورت ہے ۔ انتظامیہ کو مدد میں تیزی لانی چاہئے ۔ ایران کے صدر حسن روحانی آج متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے ۔

ایران۔عراق میں زلزلہ سے اموات پر
امریکہ کا اظہار افسوس
واشنگٹن۔14نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے ایران اور عراق میں زلزلہ کی وجہ سے وسیع پیمانے پر ہوئے جان ومال کے نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہزلزلہ سے متاثر ہ خاندانوں کے تئیں ہماری ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں۔واضح رہے کہ اتوار کی شب ایران اور عراق میں 7.3 کی شدت والے زلزلہ سے 450 لوگوں کی موت ہو گئی تھی جبکہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ زخمی ہوئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT