Thursday , May 24 2018
Home / دنیا / ایران میں زلزلہ کے جھٹکے ، 18 زخمی،خوف و ہراس

ایران میں زلزلہ کے جھٹکے ، 18 زخمی،خوف و ہراس

بیروت، 13 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے جنوب مشرقی صوبے کرمان میں کل اور آج زلزلے کے جھٹکے کئی بار محسوس کئے گئے۔ زلزلے میں 18 افراد زخمی ہو گئے اور تقریباً 20 گھر تباہ ہوگئے۔ آٹھ لاکھ 20ہزار سے زائد کی آبادی والے کرمان سے 56 کلومیٹر دور علاقے میں کل پہلی بار 5.9 شدت والے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ شروع میں زلزلے کی شدت 6.2 ہونے کی بات کہی گئی تھی۔ اس کے بعد کئی ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔آج علی الصبح بھی اسی علاقے میں 6.0 شدت والے زلزلے کے زوردار جھٹکے محسوس کئے گئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق 1:00 بجے کے بعد آئے سب تیز زلزلہ کا مرکز کرمان سے 64 کلومیٹر شمال میں محض دس کلومیٹر کی گہرائی میں واقع تھا۔ تازہ زلزلے کی وجہ سے ہوئے جان و مال کے نقصان کے بارے میں ابھی تک کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔ لوگوں کے سونے کا وقت ہونے اور اندھیرا ہونے کی وجہ سے بھی زلزلے سے نقصان کا پتہ نہیں چل رہا ہے ۔ سرکاری میڈیا نے اس سے پہلے خبر دی تھی کہ کل صبح پیش آئے زلزلے میں کسی کی موت نہیں ہوئی لیکن 18افراد زخمی ہو گئے۔ سرکاری میڈیا کی جانب سے پیش کردہ تصاویر میں زلزلے سے متاثرہ علاقے میں عمارتوں کے گرنے کے خوف سے سڑکوں پر کھڑے لوگوں کے گروپ دیکھے جا سکتے ہیں۔ میڈیا کے مطابق 20 خراب عمارتوں میں سے زیادہ تر پرانے تھے۔ تصاویر میں نقصان زدہ دیواریں بھی دکھائی دے رہی ہیں۔ گزشتہ پیر کو بھی مغربی ایران کے اسی علاقے میں زلزلے کے زوردار جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ سرکاری میڈیا نے ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 6.0 ہونے کا دعویٰ کیا جبکہ یو ایس جی ایس نے اس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.4 ہونے کی بات کہی۔ اس واقعہ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

TOPPOPULARRECENT