Wednesday , November 22 2017
Home / دنیا / ایران کا میزائل پروگرام سے دستبردار نہ ہونے کا اعلان

ایران کا میزائل پروگرام سے دستبردار نہ ہونے کا اعلان

جنرل مسعود جزائری نے جان کیری کا بیان مسترد کردیا
تہران 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایران نے امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے اس بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جس میں انہوں نے تہران کے میزائل پروگرام کو خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔ ایران نے جان کیری کے اس موقف کے جواب میں دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ تہران اپنے میزائل پروگرام سے دستبردار نہیں ہوگا۔ ایرانی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کے اسسٹنٹ چیف بریگیڈیئر جنرل مسعود جزائری نے ایک بیان میں کہا کہ جان کیری ایران کے میزائل پروگرام کے خطرات کو بڑھا چڑھا کر پیش کررہے ہیں مگر ان کے مطالبے پر ایران اپنا میزائل پروگرام بند نہیں کرے گا۔جنرل جزائری کا کہنا تھا کہ ایران کا میزائل پروگرام سرخ لکیر ہے اور اس پر کوئی بات نہیں کی جاسکتی ہے۔ ہم نے بار بار اپنے اس موقف کا اعادہ کیا ہے کہ تہران اپنا میزائل پروگرام جاری رکھے گا اور اس سلسلے میں کسی قسم کا عالمی دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔خیال رہے کہ امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے خلیجی ممالک کے دورے کے دوران گذشتہ روز عرب رہنماؤں سے ملاقاتوں میں کہا تھا کہ ان کا ملک ایران کے میزائل پروگرام کو خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ سمجھتا ہے۔قبل ازیں جمعرات کو منامہ میں امریکا کی نیول فورس کے دستے سے بات چیت کرتے ہوئے جان کیری کا کہنا تھا کہ امریکی بحریہ نے حالیہ چند مہینوں کے دوران ایران کی جانب سے بھیجے گئے اسلحہ سے لدے چار بحری جہاز قبضے میں لے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی بحریہ نے ایک تازہ کارروائی کے دوران مبینہ طور پر ایران سے یمن کے حوثی باغیوں کے لیے بھیجا اسلحہ اور گولہ بارود سے بھرا ایک کینٹینر پکڑ لیا تھا۔

آنگ سانگ سوچی کی آنکھ کا کامیاب آپریشن
یانگون 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) میانمار کی آنگ سانگ سوچی کے آنکھ کی آج کامیاب سرجری کی گئی۔ حکمراں نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی (این ایل ڈی) پارٹی کے سینئر رکن وی ہتین نے کہاکہ آپریشن کامیاب رہا اور 70 سالہ آنگ سانگ سوچی اپنے گھر واپس ہوگئی ہیں۔ انھوں نے آپریشن کی نوعیت کے بارے میں کچھ نہیں کہا تاہم بتایا کہ 16 اپریل کو وہ دوسری آنکھ کے آپریشن کے لئے ہاسپٹل سے رجوع ہوں گی۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT