Monday , July 23 2018
Home / Top Stories / ایران کے صدر حسن روحانی کی آج آمد،حکومت کے مؤثر انتظامات

ایران کے صدر حسن روحانی کی آج آمد،حکومت کے مؤثر انتظامات

چیف سکریٹری کا رابطہ اجلاس ،مکہ مسجد میں کل نماز جمعہ اور مصلیوں سے خطاب،گنبدان قطب شاہی کا دورہ پروگرام میں شامل

حیدرآباد۔/14 فبروری، ( سیاست نیوز) ایران کے صدر حسن روحانی جمعرات سے شروع ہونے والے دو روزہ دورہ حیدرآباد کے موقع پر شہر کے مسلم دانشوروں اور علماء سے خطاب کریں گے۔ اگسٹ 2013 میں ایران کی صدارت پر فائز ہونے کے بعد حسن روحانی حیدرآباد کے پہلے دورہ پر 15فبروری کو 5 بجے شام بیگم پیٹ ایر پورٹ پہنچیں گے اور شام 6:30 بجے مسلم علماء و دانشوروں سے خطاب کریں گے۔ صدر روحانی 16 فبروری کو تاریخی مکہ مسجد میں نماز جمعہ ادا کریں گے اور مصلیوں سے خطاب کریں گے۔ اس موقع پر مختلف مکاتب فکر کے علماء و دانشوران بھی موجود رہیں گے۔ توقع ہے کہ وہ بشمول گنبدان قطب شاہی، قلعہ گولکنڈہ، سالار جنگ میوزیم ، شہر کے مختلف تاریخی مقامات کا دورہ کریں گے۔ بعد ازاں دہلی روانہ ہوں گے۔ ڈاکٹر حسن روحانی کا یہ دوسرا دورہ حیدرآباد ہے ۔ ماضی میں انہوں نے ا شہر کا دورہ کیا تھا۔ان کے ساتھ 21مندوبین بھی حیدرآباد پہنچیں گے۔ صدر روحانی حیدرآاد میں مقیم ایرانیوں سے ملاقات اور گفت و شنید کریں گے۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ حیدرآباد اور ایران کے مابین خوشگوار دوستانہ تعلقات ہیں اور ان ( صدر روحانی ) کے اس دورہ پر حکومت تلنگانہ خوشی محسوس کرتی ہے۔قبل ازیں سکریٹری ایس کے جوشی نے آج سکریٹریٹ میں مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے حسن روحانی کے دورہ کا جائزہ لیا۔ سیکورٹی کے سخت انتظامات کرنے کیلئے مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کو تال میل پیدا کرتے ہوئے کام کرنے کے احکامات جاری کئے۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ صدر ایران کے دورہ حیدرآباد کو کامیاب بنانے کیلئے تمام محکمہ جات کے عہدیدار ایک دوسرے سے ربط پیدا کرتے ہوئے سیکوریٹی کے سخت انتظامات کرنے اور ٹریفک تحدیدات عائد کرنے اور پروٹول پر سخت عمل کرنے، خیرمقدم کرنے کیلئے وسیع تر انتظامات کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ بیگم پیٹ ایر پورٹ پر کسٹمس و ایمیگریشن کے انتظامات کرنے کی متعلقہ محکمہ جات کو ہدایت دی۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے مرکزی وزیر برقی آر کے سنگھ کو بیگم پیٹ ایرپورٹ پر صدر ایران کا استقبال کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے۔

TOPPOPULARRECENT