Thursday , October 18 2018
Home / Top Stories / ایران ۔عراق سرحد پر طاقتور زلزلہ ، دوبئی ، کویت ، ترکی ، لبنان و اسرائیل میں جھٹکے

ایران ۔عراق سرحد پر طاقتور زلزلہ ، دوبئی ، کویت ، ترکی ، لبنان و اسرائیل میں جھٹکے

۔10 افراد ہلاک ۔ کئی افراد ملبہ میں دبے ہونے کے اندیشے ۔ بغداد ، کربلا ، نجف اشرف ، اربیل کے عوام میں سراسیمگی ، کئی مواضعات کو شدید نقصان ‘ لوگ گھروں سے باہر آگئے

بغداد ۔ /12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایران ۔ عراق کے سرحد پر 7.6 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا ۔ عراق میں سلیمانیہ کے جنوب مشرق میں سب سے بڑا زلزلہ ریکارڈ گیا ۔ ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ زلزلہ سے 10 افراد کی ہلاکت کی توثیق ہوئی ہے ۔ کئی افراد زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے ۔ سلیمانیہ شہر شمالی عراق میں واقع ہے جو ایران سے متصل مشرقی سرحد کے قریب ہے ۔ زلزلہ کا شدید جھٹکہ مقامی رات 9 بجکر 16 منٹ کو محسوس کیا گیا اور اس کی گہرائی 33 کیلو میٹر تک اندر تھی ۔ اس زلزلہ کے جھٹکے علاقہ کے کئی ممالک جیسے ترکی ‘ کویت ‘ متحدہ عرب امارات ‘ لبنان اور اسرائیل میں بھی محسوس کئے گئے ۔ خبر رساں ادارے ارنا کے بموجب عراق کی سرحد سے متصل ایرانی صوبہ کے گورنر فرمانراز اکبری نے بتایا کہ مہلوکین کی تعداد زیادہ بھی ہوسکتی ہے کیونکہ کئی افراد کے ملبہ میں دبے ہونے کا اندیشہ ہے ۔ عراقی میڈیا نے رپورٹ دی ہے کہ یہ زلزلہ عراق کے کئی شہروں میں آیا ہے ۔ خاصکر بغداد کربلا ، نجف اشرف اور اربیل میں جھٹکے محسوس کئے گئے اور عوام سراسیمگی کے عالم میں گھروں سے باہر نکل آئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایران ۔ عراق سرحد سے متصل علاقوں میں کئی مواضعات کو شدید نقصان پہونچنے کا اندیشہ ہے ۔ میڈیا نے بتایا کہ کم از کم 8 مواضعات کو شدید نقصان ہوا ہے ۔ ہزاروں افراد زیرسماں رات گزاررہے ہیں ۔ برقی منقطع ہوچکی ہے ۔ عراقی محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے کہا کہ زلزلہ سارے ملک میں محسوس کیا گیا ۔ دارالحکومت بغداد میں زلزلہ کی شدت 6.5 ناپی گئی ہے ۔ ایران میں ملک کے محکمہ موسمیات کے سنٹر نے زلزلہ کی شدت 7.3 ریکارڈ کی ہے ۔ سوشیل میڈیا استعمال کرنے والوں نے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کی تصاویر اپ لوڈ کی ہیں ۔ ویڈیو کلپس میں بتایا گیا ہے کہ کئی افراد بلند عمارتوں سے حیران و پریشان ہوکر میدان میں جمع ہورہے ہیں ۔ شہر کی سڑکوں پر عوام کا ہجوم ہے ۔ خلیجی ممالک میں زلزلہ کے وقفہ وقفہ سے جھٹکے محسوس کئے جارہے ہیں ۔ زلزلہ میں مرنے والوں کی ہنوز کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ نقصانات کا بھی علم نہیں ہوسکا ۔ متحدہ عرب امارات ، کویت ، ترکی میں بھی زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ دوبئی کے کئی مکینوں نے سوشیل میڈیا پر لکھا ہے کہ اتوار کی شب انہوں نے ایک کے بعد ایک زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے ۔ ٹوئیٹر استعمال کرنے والوں نے کہا کہ نہ صرف دوبئی میں بلکہ ابوظہبی کے ضلع جزیرہ رم میں بھی زلزلہ کا جھٹکہ محسوس کیا گیا ۔ دوبئی کے ایک شہری نے کہا کہ گاڑی چلارہا تھا کہ مجھے جھٹکہ محسوس ہوا اور زمين کے ہلنے کا اندازہ ہوا ۔ میری بیوی نے تک یہ محسوس کیا ۔ ہم فوری کار سے باہر آئے ۔ شارجہ کے مکینوں نے بھی زلزلہ کے جھٹکے محسوس کرنے کی اطلاع دی ہے ۔اس کا مبدا ایران ، عراق سرحد پر پایا گیا ہے ۔ رات دیر گئے تک بھی مزید تفصیلات کا علم نہیں ہوسکاتھا ۔

TOPPOPULARRECENT