Tuesday , August 21 2018
Home / Top Stories / ایرپورٹ تک اکسپریس میٹرو چلانے کی تجویز پر غور

ایرپورٹ تک اکسپریس میٹرو چلانے کی تجویز پر غور

میٹرو اسٹیشنوں کے کاریڈرس میں خصوصیت سے خواتین کیلئے سہولیات بہتر بنانے پر زور، کے ٹی آر کا اجلاس

حیدرآباد 20 فروری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے میٹرو ریل کی کارکردگی پر غور کرتے ہوئے ایرپورٹ تک ایکسپریس میٹرو چلانے کا جائزہ لیا۔ سٹ ون کے ذریعہ 100 الیکٹرانک بس چلانے کی سہولتوں پر بھی اعلیٰ عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا۔ کے ٹی آر نے آج بیگم پیٹ میٹرو ریل بھون میں اعلیٰ عہدیداروں کا ایک اجلاس طلب کیا جس میں میٹرو ٹرین کی کارکردگی پر عہدیداروں سے وضاحت طلب کی۔ میٹرو ریل کی فریکوئنسی میں اضافہ کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ میٹرو ریل کے ایم ڈی این وی ایس ریڈی نے بتایا کہ فریکوئنسی کے علاوہ ریل کی رفتار میں اضافہ سے سفری اوقات میں کمی آئے گی۔ انھوں نے بتایا کہ ملک کے دوسرے شہروں کے بہ نسبت حیدرآباد میٹرو ریل میں عوام کا مثبت ردعمل ہے۔ ابتداء سے ابھی تک بغیر کسی دشواری کے میٹرو ریل چلائی جارہی ہے۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے میٹرو ریل ٹکٹ کے لئے مسافرین کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کا عہدیداروں کو مشورہ دیا۔ اس اجلاس میں آر ٹی سی کے بشمول دوسرے اُمور پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں سٹ ون کے ذریعہ 100 الیکٹرانک بس چلانے، میٹرو کاریڈار پارکنگ، فٹ پاتھ، سڑکوں کی تعمیرات، بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیتے ہوئے پارکنگ کی سہولتوں میں اضافہ کیلئے 12 ملٹی لیول پارکنگ کے لئے ٹنڈرس طلب کرنے کی وزیر موصوف نے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ نامپلی میٹرو اسٹیشن کے قریب ای ایم ایل پی کی سہولت فراہم کرنے کیلئے ہفتہ دس دن میں ٹنڈرس مکمل ہونے سے عہدیداروں نے واقف کرایا۔ اس سہولت کے لئے عالمی نوعیت کی عصری تقاضوں کو مدنظر رکھنے کا تیقن دیا۔ اپل اسٹیڈیم سے میٹرو اسٹیشن تک سائیڈ واک کی تعمیر کے لئے اسٹیڈیم اتھاریٹی نے اپنی رضامندی کا اظہار کیا ہے۔ میٹرو اسٹیشن اور کاریڈرس میں بیت الخلاؤں کی تعمیرات بالخصوص خواتین کے لئے علیحدہ بیت الخلاؤں کی تعمیر پر زور دیا۔ کے ٹی آر نے ماباقی کاریڈرس کی مقررہ وقت پر تکمیل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ امیر پیٹ تا ہائی ٹیک سٹی تک کے کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ میٹرو ریل کے دوسرے مرحلے کے کاموں کا بھی وزیر بلدی نظم و نسق نے جائزہ لیا۔ انھوں نے عہدیداروں کو کاریڈرس کے انتخاب، اسٹیشنس کی نشاندہی اور فنڈس کی حصولی پر ایک رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی اور اس مسئلہ پر چیف منسٹر کے سی آر سے تبادلہ خیال کا تیقن دیا۔ ایرپورٹ ایکس میٹرو (میٹرو ریل) کے قیام کو ترجیحی بنیاد پر اہمیت دینے کی ہدایت دی۔ شہر کے مختلف مقامات سے ایرپورٹ تک اس کی کنکٹیویٹی کو یقینی بنانے کی حکمت عملی تیار کرنے کی بھی میٹرو ریل کے عہدیداروں کو ہدایت دی۔

TOPPOPULARRECENT