Wednesday , November 22 2017
Home / شہر کی خبریں / ایرپورٹ پر ایک عازم حج کو روک دیا گیا

ایرپورٹ پر ایک عازم حج کو روک دیا گیا

اسپیشل آفیسر ایس اے شکور کی مداخلت پر مسئلہ کی یکسوئی
حیدرآباد۔ 19 اگست (سیاست نیوز) گلبرگہ کرناٹک سے تعلق رکھنے والے ایک عازم حج کو امیگریشن حکام نے پاسپورٹ کے مسائل کے سبب روک دیا۔ اس طرح 84 سالہ مودن صاحب اور ان کے کور میں موجود دیگر تین عازمین کی روانگی خطرہ میں دکھائی دینے لگی، تاہم اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کی مداخلت کے بعد امیگریشن حکام نے ضعیف حاجی کو سفر کی اجازت دے دی اور ان سے حلف نامہ لیا گیا کہ واپسی پر وہ اپنا پرانا پاسپورٹ حکام کے روبرو پیش کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ حالیہ عرصہ میں مودن صاحب نے پاسپورٹ کی تجدید کی تھی اور نئے پاسپورٹ پر حج ویزا لگایا گیا۔ آج 10 ویں قافلے میں ان کی روانگی تھی، لیکن امیگریشن عہدیداروں نے پرانا پاسپورٹ طلب کیا لیکن عازم کے پاس یہ نہیں تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ نئے پاسپورٹ میں تجدید کے وقت پرانے پاسپورٹ کا نمبر تحریر کیا جاتا ہے اور سفر کے وقت پرانا پاسپورٹ ساتھ رکھنا ضروری ہے تاکہ حکام دونوں پاسپورٹ کی تفصیلات کا مشاہدہ کرسکیں۔ پرانا پاسپورٹ نہ ہونے پر امیگریشن حکام نے مودن صاحب کو روک دیا۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے حکام سے بات چیت کی اور مودن صاحب سے حلف نامہ لیا گیا کہ وہ واپسی پر پرانا پاسپورٹ پیش کردیں گے۔ گلبرگہ سے فوری طور پر پاسپورٹ طلب کرنا ممکن نہیں ہے لہذا واپسی کے موقع پر ان کے گھر والے ایرپورٹ پر پرانا پاسپورٹ پیش کریں گے۔ اس طرح ایک کور میں موجود چار عازمین کی روانگی ممکن ہوسکی جس کیلئے انہوں نے تلنگانہ حج کمیٹی کے عہدیداروں سے اظہار تشکر کیا۔

TOPPOPULARRECENT