Tuesday , December 11 2018

ایر چائنا کی شمالی کوریا کیلئے تمام پروازیں منسوخ

بیجنگ۔ 22 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایرچائنا نے شمالی کوریا کیلئے اپنی پروازوں کو منسوخ کرتے ہوئے اس پراسرار ملک کے بیرونی دنیا سے تعلقات منقطع کرنے کی جانب ایک اور پیشرفت کی جبکہ اس منسوخی کو چینی حکومت سے ایک تجارتی فیصلہ قرار دیا جس کے پس پشت کوئی سیاسی محرکات کارفرما نہیں۔ یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے چین کا دورہ کرتے ہوئے اپنے چینی ہم منصب ژی جن پنگ سے ملاقات کی تھی اور وہاں چینی قائدین پر دباؤ ڈالا تھا کہ وہ شمالی کوریا کو نیوکلیئر توانائی کا حامل ملک ہرگز بننے نہ دیں اور ان کے دورہ کے کچھ ہی دنوں بعد چین نے شمالی کوریا کے لئے اپنی پروازوں کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔ چین نے گزشتہ ہفتہ اس سلسلے میں اپنے ایک خصوصی قائد سانگ ٹاؤ کو شمالی کوریا روانہ کیا تھا تاہم ان کے چار روزہ دورہ کے بھی کوئی مثبت نتائج سامنے نہیں آئے اور اس بحران پر راست طور پر مسٹر سانگ ٹاؤ نے کوئی بیان بھی جاری نہیں کیا۔ یاد رہے کہ شمالی کوریا کے ذریعہ یکے بعد دیگرے نیوکلیئر میزائل ٹسٹنگ نے پوری دنیا کو خوف زدہ کردیا ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ ایر چائنا نے ماہ اپریل میں گاہکوں میں کمی کی وجہ سے شمالی کوریا کیلئے اپنی تمام پروازوں کو منسوخ کردیا، تاہم کچھ ہی عرصہ بعد اس کا احیاء بھی عمل میں آیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT