Tuesday , December 12 2017
Home / اضلاع کی خبریں / ایس آئی کو ہراساں کرنے رکن اسمبلی کے بھائی پر الزام

ایس آئی کو ہراساں کرنے رکن اسمبلی کے بھائی پر الزام

کریم نگر میں تلگودیشم ضلع صدر وجے رمنا راؤ کی پریس کانفرنس
کریم نگر /10 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دیانتداری اور فرض شناسی کے ساتھ خدمت انجام دینے والے انتہائی ذمہ دار سب انسپکٹر جگن موہن نے پدا پلی رکن اسمبلی کے بھائی کی جانب سے پریشان کرنے کی وجہ سے خودکشی کرلی، اس لئے رکن اسمبلی کے بھائی اور ایم ایل اے کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جانا چاہئے۔ ٹی ڈی پی ضلع صدر وجے رمنا راؤ نے یہ بات کہی۔ وہ کریم نگر آر اینڈ بی گیسٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ایس آئی جگن موہن دس ماہ قبل تبادلہ ہوکر آئے تھے، پھر دو سال مکمل ہونے سے قبل ان کا تبادلہ کس وجہ سے کیا گیا؟۔ انھوں نے کہا کہ ایم ایل اے داسری نارائن ریڈی کے بھائی رمنا ریڈی روزانہ پیروکاری میں مصروف رہتے ہیں۔ ایک زمین کے معاملے میں ان کے کہنے کے مطابق ایس آئی نے عمل نہیں کیا، اس لئے ایس آئی کا وہاں سے تبادلہ کروادیا گیا، بغیر کسی وجہ کے تبادلہ کئے جانے پر وہ دلبرداشتہ ہو گئے۔ بچوں کو اسکول میں شریک کرانا اور وہاں سے چلے جانا ایس آئی کے لئے ایک مسئلہ بن گیا اور بسنت نگر کے ایس آئی کو یہاں تبادلہ کرکے بلوالیا گیا۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ ریاست بھر میں سیاسی مداخلت، ارکان اسمبلی اور وزراء کی سفارش پر ہی پولیس والوں کے تبادلے کئے جا رہے ہیں اور اس عمل کے لئے لاکھوں روپئے ایک سے دوسرے کے ہاتھ میں منتقل کئے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سیاسی قائدین کا ہر جائز و ناجائز حکم ماننے والے پولیس عہدہ دار کو رکھا جا رہا ہے اور ایس آئی سے ایس پی تک پیروکاری و سفارش چلتی رہتی ہے، جس کی وجہ سے نظم و نسق سے انصاف کی امید نہیں کی جاسکتی۔ انھوں نے کہا کہ سیاسی قائدین اور حکومت پر سے عوام کا اعتماد ختم ہوتا جا رہا ہے۔ انھوں نے پدا پلی کے ایم ایل اے اور ان کے بھائی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT