Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / ایس ایس سی امتحانات کا کل سے آغاز

ایس ایس سی امتحانات کا کل سے آغاز

حیدرآباد ۔ 19 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ڈاکٹر آر سریندر ریڈی ڈائرکٹر بورڈ آف سکنڈری ایجوکیشن نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایس ایس سی کے سالانہ امتحانات کا 21 مارچ سے آغاز ہوگا جس کے اوقات صبح ساڑھے نو بجے تا دوپہر سوا بارہ بجے رہیں گے۔ طلباء کو ایک گھنٹہ قبل امتحان گاہ میں حاضر رہنا ہوگا ۔ صرف پانچ منٹ تاخیر کی اجازت دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ریاست تلنگانہ میں 11,181 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جس میں کُل 5,56,757 طلباء امتحان میں شرکت کررہے ہیں ۔ اس امتحان کے انعقاد کے لیے 144 فلائنگ اسکواڈ اور 392 سیٹنگ اسکواڈ کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں ۔ RTC ڈپارٹمنٹ ، پولیس ٹرافک اور میڈیکل اینڈ ہیلتھ سنٹرس کو امتحانات کے تعلق سے خصوصی توجہ لینے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔ موسم گرما کے پیش نظر امتحانی مراکز میں پینے کے پانی کا معقول انتظام رہے گا ۔ ہر امتحانی مرکز پر ANM اور First Aid ابتدائی طبی امداد کی سہولت رہے گی ۔ ڈاکٹر سریندر ریڈی نے کہا کہ 425 امتحانی مراکز میں طلباء کے لیے فرنیچر کی سہولت ہے ۔ ماباقی امتحانی مراکز میں فرنیچر کی فراہمی کے لیے متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کو ہدایات دے دی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کو امتحان گاہ میں سیل فون کی اجازت نہیں رہے گی ۔ طلباء کو صرف OMR شیٹ پر ہی اپنا ہال ٹکٹ نمبر لکھنا ہوگا ۔ اندھے اور بہرے طلباء کے لیے امتحان میں آدھا گھنٹہ زائد وقت دیا جائے گا اور انہیں کل تین مضامین لینگویجس کی بجائے صرف دو مضامین لینگویجس کا امتحان دینا ہوگا اور کامیابی کے لیے صرف 20 نشانات کافی ہیں ۔ ہال ٹکٹس آن لائن حاصل کرنے والے طلباء کو کسی گزیٹیڈ آفیسر کی تصدیق ضروری ہے ۔ امسال ہر ضلع میں ایک مدرسہ میں سی سی کیمروں کی تنصیب کر کے نتائج برآمد کیے جارہے ہیں لیکن اگلے سال تمام امتحانی مراکز پر سی سی کیمرے نصب کئے جائیں گے ۔ طلباء کے لیے ڈائرکٹر آفس میں ہلپ لائن فون نمبر 040-23230942 کی سہولت دی جارہی ہے جو 24 گھنٹے طلباء کی خدمات میں رہے گی ۔ تفصیلات کے لیے ڈپٹی کمشنر وجئے گوپال ریڈی سے بھی سیل نمبر 9866018988 پر بھی ربط کیا جاسکتا ہے ۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ ایس ایس سی کا سالانہ امتحان 9 اپریل کو ختم ہوجائے گا ۔ 11 اپریل سے پرچوں کی جانچ کا آغاز ہوگا اور سات ہفتوں بعد نتائج کا اعلان کردیا جائے گا ۔

TOPPOPULARRECENT