Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / ایس اے ایمپرئیل گارڈن ٹولی چوکی میں آج سیاست و ایم ڈی ایف کا دوبہ دو پروگرام

ایس اے ایمپرئیل گارڈن ٹولی چوکی میں آج سیاست و ایم ڈی ایف کا دوبہ دو پروگرام

سینکڑوں رشتے دستیاب، رجسٹریشن اور کمپیوٹر پر ملاحظہ کی سہولت، جناب زاہد علی خان صدارت کرینگے
حیدرآباد ۔ 21 نومبر (دکن نیوز) مسلم معاشرہ میں جہیز اور لین دین کی لعنت کے باعث سینکڑوں مسلم لڑکیاں اپنی شادی کی منتظر ہیں اور والدین کی فکر و پریشانی میں روزافزوں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ دوسری طرف دولت کی حوس اور حسین و جمیل لڑکی کی تلاش میں لڑکوںکی عمریں شادی کی اہلیت سے متجاوز ہوتی جارہی ہیں۔ ان حالات کے پیش نظر ادارہ سیاست اور ایم ڈی ایف کی جانب سے رشتے طئے کرنے کیلئے دو بہ دو ملاقات پروگرام لڑکوں اور لڑکیوں کے والدین و سرپرستوں کیلئے منعقد کیا جارہا ہے۔ چنانچہ دو بہ دو ملاقات پروگرام نے اپنی گولڈن جوبلی مکمل کرلی ہے اور اب 22 نومبر اتوار کو ایس اے ایمپرئیل گارڈن ٹولی چوکی میں 51 واں دو بہ دو پروگرام منعقد ہوگا جس میں فکرمند والدین کیلئے تعلیمی قابلیت کے اعتبار سے سینکڑوں پیامات دستیاب رہیں گے۔ اس سلسلہ میں بڑے پیمانے پر انتظامات زوروشور سے جاری ہیں۔ رجسٹریشن کا آغاز 10 بجے دن سے ہوگا۔ لڑکوں کے والدین رجسٹریشن کاونٹر سے پیلے ربن اور لڑکیوں کے سرپرست سبز ربن حاصل کرلیں تاکہ ایک دوسرے سے مشاورت کیلئے سہولت ہوسکے۔ رجسٹریشن کاؤنٹرس پر صرف نئے رجسٹریشن قبول کئے جائیں گے جو والدین پہلے ہی سے رجسٹریشن کرواچکے ہیں انہیں دوبارہ رجسٹریشن کروانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست و سرپرست اعلیٰ ایم ڈی ایف 51 ویں دو بہ دو ملاقات پروگرام کی صدارت کریں گے۔ مولانا مفتی صادق محی الدین فہیم صدرنشین دارالقضاء الافتاء اور محمد معین الدین صدرنشین فیڈریشن آف ٹولی چوکی کالونیز بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کریں گے۔ سید اختر منیجنگ ڈائرکٹر ایس اے ایمپرئیل ڈیولپرس مہمان اعزازی ہوں گے۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف خیرمقدم کریں گے۔ جناب محمد شاہد حسین نظامت کے فرائض انجام دیں گے۔ والدین سے خواہش کی گئی ہیکہ وہ اپنے ہمراہ لڑکا یا لڑکی کی دو عدد فوٹوز اور بائیو ڈاٹاز رکھیں۔ اس سلسلہ میں 30 سے زائد والینٹرس اور 20 کونسلرس کو پیامات کی نشاندہی اور باہمی مشاورت کی رہنمائی کیلئے متعین کیا گیا ہے۔ 51 ویں دو بہ دو پروگرام میں ادارہ پیامات کے ایجنٹس اور مشاطاؤں کو داخلہ کی اجازت نہیں رہے گی۔ اس لئے کوئی بھی ناخوشگوار حالات سے بچنے کیلئے وہ شرکت کی زحمت نہ کریں۔ ٹولی چوکی کے اس پروگرام میں میڈیسن، انجینئرنگ، گریجویٹس، پوسٹ گریجویٹس، انٹرمیڈیٹ، ایس ایس سی، عالم، حافظ، فاضل اور عقدثانی کیلئے علحدہ علحدہ کاونٹرس بنائے جارہے ہیں جن سے والدین بھرپور استفادہ کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ کمپیوٹر سیکشن قائم کیا جائے گا جہاں کمپیوٹر پر لڑکیوں کے والدین لڑکوں کے فوٹوز اور بائیو ڈاٹاس کا مشاہدہ کرسکتے ہیں۔ جناب محمد معین الدین کے اشتراک و تعاون سے اس پروگرام کو قطعیت دی گئی ہے۔ جناب ایم اے قدیر، ڈاکٹر ایس اے مجید، محمد نصراللہ خان، احمد صدیقی میکش، میرانورالدین، سید اصغر حسین، صالح بن عبداللہ باحاذق، خدیجہ سلطانہ، ڈاکٹردردانہ، ایم اے واحد، اے اے کے امین، عابدہ بیگم، ریحانہ نواز، زاہد فاروقی، رفیعہ سلطانہ (ثانیہ) اور ایم ڈی ایف کے عہدیدار و اراکین نے والدین سے بہ پابندی وقت شرکت کی اپیل کی ہے۔ مزید تفصیلات کیلئے ایم اے قدیر سے فون نمبر 9394801526 پر ربط کیا جاسکتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT