Tuesday , April 24 2018
Home / Top Stories / ایس سی؍ ایس ٹی قانون میں نرمی کیلئے حکومت ذمہ دار نہیں

ایس سی؍ ایس ٹی قانون میں نرمی کیلئے حکومت ذمہ دار نہیں

حکومت، دلتوں کے مفادات کے تحفظ کی پابند، درخواست نظرثانی داخل، لوک سبھا میں راجناتھ سنگھ کا بیان
نئی دہلی 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج واضح کیاکہ ایس سی ؍ ایس ٹی قانون کو نرم بنائے جانے کی وہ ذمہ دار نہیں ہے اور عوام سے امن و ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اپیل کے ساتھ یہ دعویٰ کیاکہ وہ تمام پسماندہ طبقات کے مفادات کے تحفظ کئے لئے پابند عہد ہے۔ وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران گزشتہ روز دلتوں کے بھارت بند کے موقع پر بڑے پیمانے پر تشدد کے واقعات کے بارے میں ازخود بیان دیتے ہوئے کہاکہ سپریم کورٹ کی طرف سے 20 مارچ کو معلنہ فیصلہ پر عوام میں بڑے پیمانے پر برہمی پائی جاتی ہے اور عوام سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ ’’مَیں ایوان کو مطلع کرنا چاہتا ہوں کہ حکومت ہند اب تنازعہ کی فریق نہیں ہے۔ اب ایوان کے توسط سے میں عوام کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ حکومت کی طرف سے کوئی نرمی نہیں کی گئی بلکہ بجائے اس کے ہم نے اقتدار میں آنے اور ایس سی ؍ ایس ٹی انسداد مظالم قانون کا جائزہ لینے کے بعد اس کو مزید سخت اور مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا تھا‘‘۔ سپریم کورٹ نے 20 مارچ کو معلنہ فیصلہ کے ذریعہ قانون کو نرم بنایا ہے اور کہا ہے کہ اس قانون کے تحت کوئی شکایت درج کئے جانے کی صورت میں کسی بھی شخص کوضروری تحقیقات کے بعد ہی گرفتار کیا جائے۔

اس طرح مقدمہ درج کرتے ہی ازخود گرفتاری کی گنجائش ختم ہوگئی ہے۔ عدالت عظمیٰ کا کہنا ہے کہ وہ اس قانون کی مخالف نہیں ہے لیکن چاہتی ہے کہ اس سخت قانون کے بیجا استعمال کے ذریعہ کسی بے قصور کو سزا نہ دی جائے۔وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ سپریم کورٹ کے اس فیصلہ کی سخت مخالفت کرتے ہوئے متعدد دلت تنظیموں نے گزشتہ روز بھارت بند منایا تھا جس کے نتیجہ میں مدھیہ پردیش، راجستھان، گجرات، اترپردیش، ہریانہ، مہاراشٹرا اور دیگر کئی ریاستوں میں سکیورٹی فورسیس اور احتجاجیوں کے درمیان جھڑپوں میں کم سے کم 8 افراد ہلاک اور دیگر درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔ توڑ پھوڑ اور آتشزنی کے واقعات میں کئی سرکاری اور خانگی املاک کو بھاری نقصانات پہونچائے گئے تھے۔ راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ تحفظات کے مسئلہ پر بھی بڑے پیمانے پر افواہیں پھیلائی جارہی ہیں جو بے بنیاد اور غلط ہیں اور حکومت ایس سی ؍ ایس ٹی طبقات کے مفادات کے تحفظ کی پابند ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ’’مَیں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہماری حکومت ایس سی ؍ ایس ٹی کی فلاح و بہبود کے عہد کی مکمل طور پر پابند ہے۔ ہماری حکومت ایس سی ؍ ایس ٹی کے مفادات کے تحفظ کی پوری طرح پابند ہے‘‘۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے اعلان کے فوری بعد حکومت کی طرف سے درخواست نظرثانی پیش کی گئی جس سے حکومت کی دلچسپی اور فوری کارروائی کا اظہار ہوتا ہے۔
ہندوستانی سفرکی پاکستانی این ایس اے سے ملاقات
اسلام آباد 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) باہمی تعلقات میں کشیدگی کے درمیان ہندوستانی ہائی کمشنر اجئے بساریہ نے آج پاکستانی قومی سلامتی کے مشیر نصیر خان جنجوعہ سے ’خیرسگالی‘ ملاقات کی۔ اس موقع پر اُنھوں نے باہمی اُمور و مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ ہندوستانی ہائی کمیشن کے ذرائع نے کہاکہ اسلام آباد میں وزیراعظم کے دفتر میں یہ ملاقات ہوئی۔

TOPPOPULARRECENT