Saturday , December 16 2017
Home / شہر کی خبریں / ایس سی ‘ ایس ٹی و اقلیتوں کیلئے خصوصی اقدامات

ایس سی ‘ ایس ٹی و اقلیتوں کیلئے خصوصی اقدامات

کئی اسکیمات پر کامیابی سے عمل ‘ رکن اسمبلی راملو نائک کا ادعا
حیدرآباد ۔ 24۔ اکتوبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی مسٹر راملو نائک نے دعویٰ کیا ہے کہ درج فہرست اقوام و قبائل اور اقلیتوں کی بھلائی کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ خصوصی اقدامات کر رہے ہیں اور یہ طبقات چیف منسٹر کے ممنون رہیں گے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راملو نائک نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ نے کمزور طبقات کی بھلائی اور ان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کو اولین ترجیح دی ہے۔ گزشتہ تین برسوں میں حکومت نے کمزور طبقات کی بھلائی کیلئے کئی ایک اسکیمات کا آغاز جن پر کامیابی سے عمل کیا جارہا ہے ۔ ایس سی ، ایس ٹی اور اقلیتوں کی آبادی کے اعتبار سے تحفظات کے فیصد میں اضافہ کا فیصلہ تاریخی اقدام ہے۔ چیف منسٹر نے تحفظات میں اضافہ کیلئے اسمبلی میں قرارداد منظور کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحفظات کے فیصد میں اضافہ سے اقلیتوں اور کمزور طبقات کی ہمہ جہتی ترقی ممکن ہوپائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تحفظات پر عمل آوری کے سلسلہ میں چندر شیکھر راؤ کی حکومت کو کامیابی حاصل ہوگی اور مرکز اس تجویز کو منظوری دے گا۔ راملو نائک نے جن کا تعلق درج فہرست قبائل سے ہے ، کہا کہ کانگریس اور تلگو دیشم دور حکومت میں کبھی بھی قبائل کی ترقی پر توجہ نہیں دی گئی اور کے سی آر نے یہ ثابت کردیا کہ وہ قبائل کے حقیقی ہمدرد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتوں نے ایس ٹی طبقات کو ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا جبکہ کے سی آر نے ان طبقات کو اقتدار میں مناسب حصہ داری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے ایس ٹی طبقات ہمیشہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے مرہون منت رہیں گے۔ انہوں نے اقلیتی بہبود کے سلسلہ میں چیف منسٹر کی جانب سے کل منعقدہ ایک اہم اجلاس کے فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے اجلاس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور تلگو دیشم پارٹی کمزور طبقات کو حکومت کے خلاف گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ یہ وہ جماعتیں ہیں جنہوں نے اپنے دورِ اقتدار میں کبھی بھی کمزور طبقات کی بھلائی کی فکر نہیں کی۔ اب جبکہ ٹی آر ایس حکومت کے اقدامات سے تمام طبقات مطمئن ہیں، اپوزیشن جماعتیں الزام تراشیوں کے ذریعہ ریاست کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کررہی ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپوزیشن کے گمراہ کن پروپگنڈہ کا شکار نہ ہوں۔

TOPPOPULARRECENT