Saturday , December 15 2018

ایشا امبانی کی شادی تقریب ، ہلاری کلنٹن کی شرکت

فلمی دنیا کے تمام اسٹارس کی کہکشاں بھی جمع ، راجستھان کے اودے پور میں جشن
اودے پور ۔ 8 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : راجستھان کے شہر اودے پور میں سابق امریکی خاتون اول ہلاری کلنٹن اور بالی ووڈ کے تمام اسٹارس کے بشمول نو شادی شدہ جوڑا پرینکا چوپڑا اور نک جوناس پہونچ گئے ہیں ۔ ممبئی میں مکیش امبانی کی دختر ایشا امبانی کی شادی 12 دسمبر کو مقرر ہے ۔ راجستھان میں ہفتہ کے دن شادی سے قبل کی تقاریب منائی جارہی ہیں ۔ مہارانہ ترپاب ایرپورٹ پر زبردست سرگرمیاں دیکھی گئی جہاں اسٹارس کی کہکشاں جگمگا رہی تھی ۔ ان میں عامر خاں اپنی اہلیہ کرن راؤ کے ہمراہ پہونچے ۔ ابھیشک بچن بھی اپنی والدہ جیہ بچن اور بیوی ایشوریا دختر ارادھیا کے ساتھ آئے ہیں ۔ کرن جوہر ، سلمان خاں ، پرنیتی چوپڑا ، انیل کپور ، بونی کپور اپنی دختران جھانوی اور کھوشی کے ساتھ آئے ہیں ۔ سدھارت رائے کپور اپنی بیوی ودیا بالن کے ساتھ دکھائی دئیے ۔ جان ابراہام ، کرشمہ کپور ، ارون دھون کے علاوہ چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرنویس کرکٹ اسٹار سچن ٹنڈولکر بھی آئے ہیں ۔ ایشا اور آنند کی شادی امبانی خاندان کی ممبئی رہائش گاہ پر 12 دسمبر کو مقرر ہے ۔ اس سے قبل اودے پور میں سنگیت و مہندی تقریب ہورہی ہے ۔ ایشا کی شادی فارما سیوٹیکل اور رئیل اسٹیٹ تاجر پرامل خاندان کے سپوت سے ہورہی ہے ۔ اس شادی سے قبل عام و خاص دعوت کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں اودے پور کے تمام شہریوں کے لیے 3 وقت کا کھانا چار دن تک سربراہ کیا جارہا ہے ۔ مکیش امبانی ان کی اہلیہ نیتا امبانی اور دلہن ایشا امبانی بذات خود ’ انا سیوا ‘ میں حصہ لے کر مہمانوں کی خدمت کررہی ہیں ۔ ’ انا سیوا ‘ کے تحت 5100 افراد کو کھانا کھلایا جارہا ہے ۔ یہ فنکشن 7 تا 10 دسمبر تک جاری رہے گا ۔ مہمانوں کے لیے تقریبا 100 چارٹرڈ طیاروں کو تیار رکھا گیا تھا ۔ ایشا امبانی کی منگنی آنند پرمل سے ستمبر میں اٹلی کے لیک کوسو میں ہوئی تھی ۔ اس نئے جوڑے کو ممبئی میں سمندر کے سامنے واقع 50,000 مربع فٹ کا مکان تحفہ میں دیا گیا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT