Monday , December 11 2017
Home / کھیل کی خبریں / ایشیا کپ ہاکی : پاکستان کیخلاف ہندوستان کی 3-1 سے فتح

ایشیا کپ ہاکی : پاکستان کیخلاف ہندوستان کی 3-1 سے فتح

چنگلن سانا، رمن دیپ سنگھ اور ہرمن پریت سنگھ کا شاندار مظاہرہ ، علی شان نے پاکستان کا واحد گول بنایا
ڈھاکہ۔ 15 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ہاکی ٹیم نے ڈھاکہ میں اتوار کو کھیلے گئے ایشیا کپ 2017ء پر اپنا غلبہ و تسلط بدستور برقرار رکھتے اپنی روایتی حریف ٹیم کو پول اے کے میچ میں 3-1 سے شکست دے دی۔ اس طرح تیسرے اور آخری میچ میں کامیابی کے ساتھ لگاتار تیسری فتح حاصل کی۔ اس ٹورنمنٹ میں ہندوستانی ٹیم ناقابل تسخیر رہی اور اس کو 9 پوائنٹس حاصل ہوئے۔ نیلے یونیفارم میں ملبوس ہندوستانی لڑکوں نے ایشیا کپ ہاکی 2017ء سیریز میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین مقابلوں میں فتح کے ساتھ پول اے میں سرفہرست مقام حاصل کیا۔ چنگلن سانا سنگھ (13′)، رمن دیپ سنگھ (44′) اور ہرمن پریت سنگھ (45′) ہندوستان کے لئے اسکور شیٹ پر رہے۔ اس میچ میں پاکستان کے لئے واحد گول علی شان نے بنایا۔ اس ٹورنمنٹ کے افتتاحی مقابلے میں ہندوستان نے جاپان کو 5-1 سے شکست دی تھی۔ بعدازاں نسبتاً کمزور اور غیرمعروف بنگلہ دیشی ٹیم کو 7-0 سے شکست دی تھی تاہم پاکستانی ٹیم آج اپنی شکست کے باوجود بہتر گول کے فرق کی بنیاد پر 4 پوائنٹس کے ساتھ ’’سوپر 4‘‘ مرحلے میں رسائی کو یقینی بناچکی ہے۔ پہلے کوارٹر میں ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمس تعطل ختم کرنے میں ناکام رہیں۔ ہندوستانی ٹیم اگرچہ اس کے کئی مواقع کررہی تھی۔ ہندوستانی ٹیم اپنے جارحانہ حملوں کے باوجود پاکستانی دفاع کو گوڑ نے میں ناکام رہی۔ پہلے کوارٹر کے آخری منٹ میں ہندوستانی ٹیم نے پاکستان کو پنالٹی کارنر دے ہی دیا جس کے باوجود پاکستانی ٹیم اس کا فائدہ نہیں اٹھا سکی۔ چنگلن ساتا نے 17 ویں منٹ میں ایک فیلڈ گول کے ذریعہ ہندوستان کا کھاتہ کھولا۔ انہوں نے آکاش دیپ سنگھ کے شاندار پاس کا خوب فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک بہترین شاٹ لگایا جو سیدھا گول میں تبدیل ہوگیا۔ پاکستان کو اس دوران دوسرا پنالٹی کارنر ملا لیکن ہندوستانی گول کیپر سورج کارکیرا نے مستعدی کے ساتھ اس کو گول ہونے سے بچا لیا۔ اس طرح ہاف ٹائم میں ہندوستان نے 1-0 سبقت کے ساتھ رسائی کی۔ بعدازاں پاکستان نے پے در پے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا لیکن نئے گول کیپر آکاش چٹکے غیرمعمولی چستی کے ساتھ دفاع کیا اور ہندوستان کی سبقت کی برقراری کو یقینی بنانے رکھا۔ 43 ویں منٹ میں رمن دیپ نے دوسرا گول بنایا اور ہندوستان کو 2-0 سے سبقت حاصل ہوگئی جس کے 2 منٹ بعد ہرمن پریت سنگھ نے ایک پنالٹی کارنر کو کامیابی کے ساتھ گول میں تبدیل کرتے ہوئے ہندوستان کی سبقت میں مزید ایک کا اضافہ کیا۔ پاکستان نے آخری کوارٹر میں مزید جارحانہ تیور اختیار کیا اور 48 ویں منٹ میں علی شاہ نے بالآخر اپنی ٹیم کو ایک گول دلا دیا۔ علی کے گول نے پاکستانی ٹیم میں جیسے ایک نئی جان ڈال دی اور ٹیم اگرچہ کئی پنالٹی کارنرس حاصل کی تاہم ایک کو بھی گول میں تبدیل کرنے میں ناکام رہی۔ دو گول سے پیچھے رہنے کا نفسیاتی دباؤ بالآخر پاکستانی ٹیم کے حوصلوں کو پست کردیا، اس دوران 3-1 سے ہندوستان کی جیت پر کھیل اختتام کو پہنچا۔

TOPPOPULARRECENT