Sunday , September 23 2018
Home / دنیا / ایف بی آئی کے ڈپٹی ڈائریکٹر مک کیبی برطرف

ایف بی آئی کے ڈپٹی ڈائریکٹر مک کیبی برطرف

ریکس ٹلرسن کی برطرفی کے بعد ٹرمپ کا تازہ ترین اقدام
واشنگٹن۔ 17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ٹرمپ انتظامیہ نے وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف بی آئی) میں دوسرے اہم مقام پر فائز عہدیدار کو میڈیا میں غیرمجاز طور پر انکشافات کرنے کے الزام کے تحت برطرف کردیا ہے۔ ایف بی آئی کے ڈپٹی ڈائریکٹر اینڈریو مک کیبی کو جو اتوار کو وظیفہ پر سبکدوش ہونے والے ہیں، ایک طویل صحافتی بیان جاری کرتے ہوئے ٹرمپ انتظامیہ پر سخت تنقید کی ہے اور الزام عائد کیا کہ ان کی برطرفی دراصل 2016ء کے صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت کی وفاقی کونسل رابرٹ ملر کی طرف سے کی جانے والی تحقیقات میں رخنہ اندازی کی کوشش ہے۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی طرف سے ان کے وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کو برطرف کئے جانے کے بعد یہ تازہ ترین برطرفی ہے جس کا اٹارنی جنرل چیف سیشنس نے آج رات دیر گئے اعلان کیا۔ سیشنس نے کہا کہ مک کیبی کو ایف بی آئی میں تادیبی کارروائیوں سے نمٹنے والی داخلی دفتر کی سفارش پر برطرف کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آئی اپنے ہر ملازم سے اعلیٰ درجہ کی دیانت داری، یکجہتی اور جوابدہی کی توقع کرتا ہے۔ میں نے اینڈریو مک کیبی کی ملازمت کو فوری اثر سے برطرف کردیا ہے، لیکن مک کیبی نے ایک طویل بیان جاری کرتے ہوئے ان الزامات کی تردید کی اور کہا کہ مجھے بددیانت قرار دینے کا نظریہ غلط ہے۔ یہ دراصل ایک گواہ کی حیثیت سے میری ساکھ متاثر کرنے کی ایک کوشش ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مک کیبی جنوری میں ہی اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوگئے اور رخصت حاصل کرچکے تھے۔

TOPPOPULARRECENT