Thursday , December 13 2018

ایف ٹی پی کا ہندوستان سے باہمی سیریزپرانحصار:پاک

کراچی۔8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ہند۔پاک باہمی سیریز کا تنازعہ حل ہونے تک ایف ٹی پی کی کوئی اہمیت نہیں ہے ،اسی شرط پر مستقبل کے مقابلوں کیلئے مسودے پر دستخط کئے تھے ۔آئی سی سی نے تنازعات حل کرنے والی کمیٹی کا فیصلہ آنے تک فیوچر ٹور پروگرام روک رکھا ہے ۔ ہندوستان سے سیریز طے نہیں ہوئی،فیصلے کا اثر آئندہ برسوں کی مقابلوں پر بھی واضح نظر آنا چاہئے ،گورننگ باڈی میں مقدمہ شروع ہو چکا دونوں جانب سے گواہوں کو طلب کرلیا گیاجو معاہدہ پر دستخط کے موقع پر موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے ایک مرتبہ پھر اس سخت موقف کا اظہار کیا ہے کہ ہندوستان کیخلاف باہمی سیریز کا تنازعہ حل ہونے تک فیوچر ٹور پروگرام پر عمل کیا جانا ممکن نہیں ہے ۔آئی سی سی نے 2019 سے 2023 تک کا فیوچر ٹور پروگرام اس وقت تک روک لیا ہے جب تک ہند۔پاک باہمی کرکٹ سیریز پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوجاتا۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ پی سی بی نے باہمی سیریز کا معاملہ آئی سی سی کی تنازعات حل کرنے والی کمیٹی میں چیلنج کیا ہوا ہے اور جب تک اس کا فیصلہ نہیں ہوجاتا فیوچر ٹور پروگرام کی بھی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ چیئرمین پی سی بی کے بموجب ایف ٹی پی پر انہوں نے اسی شرط پر دستخط کئے تھے کہ ہندوستان کیخلاف باہمی سیریز کا تنازعہ کس کروٹ بیٹھتا ہے اور گورننگ باڈی نے بھی ایف ٹی پی کو اسی وجہ سے روکا ہوا ہے کہ اگر فیصلہ پاکستان کے حق میں ہوا تو پھر اس کے میچوں کی تعداد میں اضافہ کرنا پڑے گا۔ نجم سیٹھی نے انکشاف کیا کہ آئی سی سی میں مقدمہ شروع ہو چکا ہے اور تنازعات حل کرنے والی کمیٹی نے دونوں ممالک کی جانب سے ان گواہوں کو بھی طلب کرلیا ہے جو مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے وقت موجود تھے اور کرکٹ کی گورننگ باڈی شواہد کی بنیاد پر فیصلہ کرے گی کہ ہندوستان پر مفاہمتی یادداشت کے حوالے سے کیا ذمہ داری عائد بھی ہوتی ہے اور اگر ایسا ہے تو اس کی حد کیا ہوگی۔ یاد رہے کہ ہندوستان اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان متعدد سیریز اور ایک دوسرے ملک کے دورہ کیلئے معاہدہ ہوا تھا لیکن دونوں ممالک کے درمیان موجودہ کشیدہ حالات کی وجہ سے کوئی باہمی سیریز نہیں ہوئی پائی ہے اور پاکستان نے مالی نقصان کے ازالہ کیلئے ہندوستان کے خلاف مقدمہ دائر کررہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT