Saturday , December 16 2017
Home / ہندوستان / ایل او سی کے پاس لگاتار دوسرے روز پاکستانی فائرنگ

ایل او سی کے پاس لگاتار دوسرے روز پاکستانی فائرنگ

جموں 13 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان آرمی نے آج جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں خط قبضہ (لائن آف کنٹرول) کے پاس کے سرحدی علاقوں میں چھوٹے اسلحہ اور گولہ باری کے ذریعہ لگاتار دوسرے روز فائر بندی کی خلاف ورزی کی۔ اس کے بارے میں دفاع کے ترجمان نے کہاکہ پاکستان آرمی نے آج ایل او سی کے پاس کرشنا گھاٹی میں صبح 7.45 بجے چھوٹے اسلحہ، خودکار ہتھیاروں اور مارٹار کی بلااشتعال اور اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ انڈین آرمی نے سخت اور مؤثر جواب دیا اور آخری اطلاعات تک فائرنگ جاری تھی۔ گزشتہ روز ایک فوجی جوان اور ایک قلی ہلاک اور 6 دیگر زخمی ہوگئے تھے جب اسی سیکٹر میں ایل او سی کے پاس کے سرحدی علاقوں پر پاکستانی دستوں نے چھوٹے اسلحہ سے فائرنگ کی تھی۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستانی دستوں کی یہ کارروائی گزشتہ روز سے شام تک جاری رہی۔ سپاہی ٹی کے ریڈی (21 سال) متوطن موضع اوبلاپورم ، ضلع پرکاشم (آندھراپردیش) اور ڈیفنس پورٹر محمد ظہیر (22 سال) متوطن موضع کلالی ، ضلع راجوری (جموں و کشمیر) شدید زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔ 6 دیگر جوان بشمول ڈیفنس پورٹر کو زخم آئے۔ وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار نے حال ہی میں بتایا تھا کہ پاکستانی دستوں نے 30 ستمبر تک درج اعداد و شمار کے مطابق ہندوستانی علاقوں پر زائداز 600 مرتبہ فائرنگ کی ہے۔

TOPPOPULARRECENT