Friday , April 20 2018
Home / کھیل کی خبریں / ایمرجنگ نیشنس کپ :پی سی بی ۔ بی سی سی آئی بات چیت متوقع

ایمرجنگ نیشنس کپ :پی سی بی ۔ بی سی سی آئی بات چیت متوقع

کراچی۔ 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) غالب گمان ہے کہ پاکستان ’’ایشین کرکٹ کونسل ‘‘(اے سی سی ) میٹنگ میں سخت رخ اپناتے ہوئے اس بات پر اصرار کرے گا کہ ایشین ایمرجنگ کپ ٹورنمنٹ کی میزبانی اُسے دی جائے۔ واضح رہے کہ اس ہفتے ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ کوالالمپور میں ہونی طئے ہے اور اس سے قبل ایسی قیاس آرائیاں لگائی جارہی ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ایک سینئر اعلیٰ عہدیدار کے مطابق پاکستان میٹنگ میں اس بات کو ایک دم واضح کردے گا کہ اگر ہندوستان ایمرجنگ نیشنس کپ کھیلنے کیلئے پاکستان نہیں آسکتا تو پاکستان بھی ستمبر میں ہندوستان میں ہونے والے ایشیا کپ میں اپنی ٹیم نہیں بھیجے گا۔ عہدیدار کے مطابق میٹنگ میں پی سی بی ممبران کو اس بات پر متفق کرنے کی کوشش کرے گا کہ وہ ایشیا کپ کو ہندوستان سے باہر کسی تیسرے ملک جیسے ملائیشیا یا سری لنکا میں کرائے تاکہ پاکستان بھی اس میں شرکت کرسکے۔ واضح رہے کہ پی سی چیرمین نجم سیٹھی اور چیف آپریٹنگ آفیسر ثوبان احمد آج کوالالمپور کے لئے روانہ ہوں گے جہاں پر نجم سیٹھی اے سی سی کے صدر کی حیثیت سے میٹنگ کی صدارت کریں گے۔ ایک دیگر عہدیدار کے مطابق نجم سیٹھی نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ وہ ہندوستان کے ساتھ سخت موقف اختیار کرتے ہوئے اس کی وضاحت پیر اور منگل کی میٹنگ کے دوران کریں گے۔ عہدیدار نے بتایا کہ پی سی بی، ہندوستان کے فیصلے سے خوش نہیں ہے کہ وہ سکیورٹی وجوہات کی بناء پر ایمرجنگ نیشنس کپ کو پاکستان کے باہر کرایا جائے لہذا پاکستان اپنے مضبوط موقف کے ساتھ اس بات پر اصرار کرے گا کہ موجودہ صورتحال کے تحت وہ بھی ہندوستان میں ایشیا کپ کھیلنے کیلئے اپنی ٹیم روانہ نہیں کرے گا۔ قابل ذکر ہے کہ اے سی سی کو اس میٹنگ میں ایشیا کپ ، ایمرجنگ نیشنس کپ اور انڈر 19 کپ کے انعقاد کی تواریخ کو طئے کیا جائے گا۔ اس ضمن میں قابل ذکر بات یہ ہے کہ لاہور میں اکٹوبر میں منعقد شدنی اے سی سی کی میٹنگ میں پاکستان کو ایشین ایمرجنگ کپ کی میزبانی کے حقوق دیئے گئے تھے لیکن اس میں بنگلہ دیش اور ہندوستان نے شرکت نہیں کی تھی۔ اس کے بعد ہندوستان اور بنگلہ دیش دونوں نے کہا تھا کہ وہ اپنی ٹیموں کو سکیورٹی تحفظات کے تحت لاہور نہیں بھیج سکتے، لیکن پی ایس ایل کے دو پلے آف لاہور اور فائنل کراچی میں کامیابی کے ساتھ کرانے اور اس کے بعد ویسٹ انڈیز کے پاکستان کے دورہ کے ساتھ پی سی بی اس بات سے پراُمید ہے کہ اب یہ دونوں ٹیمیں بھی پاکستان آنے پر رضامند ہوجائیں گی۔

TOPPOPULARRECENT