Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / ایمسیٹ سیکنڈ کے نتائج کا اعلان

ایمسیٹ سیکنڈ کے نتائج کا اعلان

وزیر صحت لکشما ریڈی کی اخباری نمائندوں سے بات چیت
حیدرآباد۔/13جولائی، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے حصول کیلئے گذشتہ 5 دن قبل منعقدہ تلنگانہ ایمسیٹ کے نتائج کا آج ریکارڈ صرف پانچ یوم میں اعلان کردیا گیا۔ وزیر صحت مسٹر لکشما ریڈی نے ایمسیٹ II کے رینکس جاری کئے ۔ آج یہاں سکریٹریٹ ریاست تلنگانہ میں ایمسیٹ سیکنڈ  کے نتائج و رینکس جاری کرتے ہوئے وزیر موصوف نے بتایا کہ 9جولائی کو ایمسیٹ کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا اور صرف اندرون پانچ یوم آج نتائج اور رینکس جاری کردیئے گئے۔ وزیر موصوف نے ایمسیٹ سیکنڈ کی مکمل تفصیلات سے اخباری نمائندوں کو واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ایمسیٹ سیکنڈ میں جملہ 50,961 طلباء و طالبات نے شرکت کی جن کے منجملہ 47,644 طلباء و طالبات اہل ( کامیاب ) قرار دیئے گئے۔ اس طرح ایمسیٹ سیکنڈ کے نتائج کا اوسط 90.07 فیصد رہا۔ انہوں نے بتایا کہ درحقیقت ایمسیٹ سیکنڈ کیلئے 36.153 طلباء و طالبات نے درخواستیں پیش کی تھیں۔ وزیر صحت لکشما ریڈی نے مزید بتایا کہ ریاست تلنگانہ کے سرکاری و خانگی میڈیکل کالجوں میں نشستوں کی جملہ تعداد 1780 پائی جاتی ہے جس میں گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں نشستوں کی تعداد 1060 اور خانگی میڈیکل کالجوں کی تعداد 720 ہے جبکہ بی ڈی ایس کورسیس کیلئے ریاست تلنگانہ میں نشستوں کی جملہ تعداد 640 بتائی جاتی ہے جن کے منجملہ سرکاری ڈینٹل کالجوں میں نشستوں کی تعداد 140اور خانگی ڈینٹل کالجوں میں نشستوں کی جملہ تعداد 500 ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بہت جلد کونسلنگ کے عمل کا آغاز کردیا جائے گا اور یکم اگسٹ سے میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں باقاعدہ تعلیم کا آغاز کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ اس موقع پر مسٹر پاپی ریڈی صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ کونسل برائے اعلیٰ تعلیم، پروفیسر این وی رمنا راؤ کنوینر ایمسیٹ سیکنڈ اور دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT