Saturday , June 23 2018
Home / شہر کی خبریں / ایمسیٹ کونسلنگ پر تلنگانہ حکومت کا عدالت سے رجوع ہونا فاش غلطی

ایمسیٹ کونسلنگ پر تلنگانہ حکومت کا عدالت سے رجوع ہونا فاش غلطی

چیف منسٹر کے سی آر کی تمام حکمتیں الٹی ثابت ، صدر پی سی سی تلنگانہ پنالہ لکشمیا کا بیان

چیف منسٹر کے سی آر کی تمام حکمتیں الٹی ثابت ، صدر پی سی سی تلنگانہ پنالہ لکشمیا کا بیان
حیدرآباد ۔ 11 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے کہا کہ ایمسیٹ کونسلنگ کے معاملے میں تلنگانہ حکومت نے سپریم کورٹ سے رجوع ہو کر بہت بڑی غلطی کی ہے ۔ آج یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر پنالہ لکشمیا نے کہا کہ اپنی انفرادی چھاپ چھوڑنے کے لیے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ جو بھی حکمت عملی تیار کررہے ہیں وہ سب الٹی ثابت ہورہی ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی انفرادی امیج کی خاطر طلبہ کی زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ نہ کریں ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ ٹی آر ایس کی 70 دن کی حکمرانی میں کسان ، طلبہ اور ملازمین کئی مسائل سے دوچار ہوئے ہیں ۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا دور اقتدار عوامی مسائل کو حل کرنے کے بجائے اس میں مزید اضافہ کررہا ہے ۔ جس سے عوام بدظن ہوگئے ہیں اور ٹی آر ایس کو اقتدار سونپنے پر افسوس کا اظہار کررہے ہیں کیوں کہ ٹی آر ایس حکومت نے اپنے پارٹی کے منشور میں جو وعدے کئے ہیں اس کو عملی جامہ پہنانے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہے ۔ اپنے وعدوں اور ناکامی سے توجہ ہٹانے کے لیے چیف منسٹر اور تلنگانہ کے وزراء متنازعہ فیصلے اور ریمارکس کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں ۔ تلنگانہ کے عوام باشعور ہیں وہ سب کچھ دیکھ بھی رہے ہیں اور سمجھ بھی رہے ہیں ۔ کانگریس پارٹی نے ابھی نئی حکومت ہونے کی وجہ سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ۔ حکومت کو پوری طرح موقع فراہم کیا ہے ۔ مگر حکومت کا 70 دن کا اقتدار انتہائی مایوس کن ہے ۔ کانگریس پارٹی عوامی مسائل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی بلکہ اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرتے ہوئے عوام کا ساتھ دے گی اور عوامی مسائل کی یکسوئی کے لیے جمہوری انداز میں حکومت پر دباؤ بنائیں گی ۔۔

TOPPOPULARRECENT