Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / ایمسیٹ کے پرچہ افشا کیس کا ملزم سی آئی ڈی تحویل میں فوت II

ایمسیٹ کے پرچہ افشا کیس کا ملزم سی آئی ڈی تحویل میں فوت II

حیدرآباد۔ 5 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ ایمسیٹ II ۔2016ء کے پرچہ افشاء کیس میں کلیدی ملزم کملیش کمار سنگھ کی سی آئی ڈی تحویل میں موت واقع ہوگئی۔ 55 سالہ ملزم کو بہار کے پٹنہ شہر سے 20 ڈسمبر سال 2016ء کو ٹرانزٹ وارنٹ پر حیدرآباد لایا گیا تھا اور اسے چرلہ پلی اور چنچل گوڑہ جیلوں میں رکھا گیا۔ ایمسیٹ پرچہ افشاء کیس کی اہمیت کے پیش نظر سی آئی ڈی نے اسے 31 ڈسمبر کو اپنی تحویل میں لے کر تفتیش کا آغاز کیا تھا۔ یکم جنوری کو کملیش کمار سنگھ نے سینہ میں شدید درد کی شکایت کی جس کے نتیجہ میں اسے مہاویر ہاسپٹل میں علاج کیلئے منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں کے مشورہ پر اسے عثمانیہ ہاسپٹل میں شریک کیا گیا۔ 3 جنوری کو دوران علاج ملزم کملیش کمار سنگھ فوت ہوگیا اور وہاں کے ڈاکٹروں نے موت کی وجہ حرکت قلب بند ہوجانا قرار دیا۔ سی آئی ڈی نے افضل گنج پولیس اسٹیشن میں 3 جنوری کو ایک شکایت درج کرواتے ہوئے پولیس تحویل میں موت ہونے کا ایک مقدمہ درج کروایا۔ سب ڈیویژنل ایگزیکٹیو مجسٹریٹ نامپلیکی نگرانی میں کملیش کمار سنگھ کا پوسٹ مارٹم کروایا گیا اور متوفی کے داماد اور بھانجے بھی اس کارروائی کے دوران موجود تھے۔ قومی انسانی حقوق کمیشن کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق فارنسک ماہرین کی جانب سے پوسٹ مارٹم کروایا گیا جس کی مکمل ویڈیوگرافی کروائی گئی۔ بعدازاں نعش کو ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔ اس سلسلے میں انسپکٹر جنرل آف پولیس سی آئی ڈی شریمتی سومیا مشرا نے بتایا کہ پولیس تحویل کے دوران ملزم کو کسی بھی قسم کی اذیت نہیں دی گئی تھی اور محض کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں اس سے تفتیش کی جارہی تھی۔

TOPPOPULARRECENT