ایم آر او آفس سے فون آنے پر ہی وظیفہ کیلئے رجوع ہونے کا مشورہ

معذورین، بیواؤں اور بزرگ شہریوں سے 9000 درخواستوں کی وصولی، ایم آر او بہادر پورہ حسینہ بیگم سے بات چیت

معذورین، بیواؤں اور بزرگ شہریوں سے 9000 درخواستوں کی وصولی، ایم آر او بہادر پورہ حسینہ بیگم سے بات چیت
حیدرآباد ۔ 13 ڈسمبر ۔ ریاست کی کے سی آر حکومت نے مثالی اقدامات کرتے ہوئے بزرگ شہریوں کو حاصل ہونے والے وظیفہ پیرانہ سالی، معذورین کو وظیفہ اور بیواؤں کو فراہم کئے جانے والے وظائف کو بالترتیب 1000، 1500 اور 100 روپئے کردیا۔ تاہم معذورین، ضعیف مرد و خواتین اور بیواؤں کی شکایت ہیکہ انہیں وظیفے حاصل کرنے میں شدید مشکلات پیش آتی ہیں۔ اگر عہدیدار چاہیں تو انہیں راحت مل سکتی ہے۔ اس سلسلہ میں بہادر پورہ منڈل کی منڈل ریونیو آفیسر محترمہ حسینہ بیگم سے بات چیت کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ درخواستوں کے آن لائن ادخال کی تنقیع پھر کلکٹریٹ سے منظوری وہاں سے منڈل ریونیو آفس واپسی اور کاونٹرس کو بھیجے جانے کے کئی مراحل ہیں اور اس کیلئے کچھ تو وقت ضرور لگتا ہے۔ حسینہ بیگم نے بتایا کہ درخواست فارمس میں غلطیوں کے باعث بھی عہدیداروں کے ساتھ ساتھ درخواست گذاروں کو صبرآزما لمحات سے گذرنا پڑتا ہے۔ بے شمار لوگ بہادرپورہ منڈل آفس اور اس کے کاونٹرس پر ربط پیدا کرتے ہوئے مختلف پریشانیوں کا سامنا کررہے ہیں حالانکہ انہوں نے اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد جن درخواستگذاروں کی درخواستوں کی یکسوئی ہوچکی ہے انہیں فون پر آگاہ کرنے کا نظام شروع کیا تاکہ وہ متعلقہ کاونٹر پر پہنچ کر اپنا وظیفہ حاصل کرلیں جبکہ ایم آر او آفس اور اس کے کاونٹرس پر وہ معذورین، بیوائیں اور ضعیف مرد و خواتین بھی پہنچ رہے ہیں جن کی درخواستوں کی یکسوئی کا عمل جاری ہے۔ حسینہ بیگم کے مطابق تاحال تقریباً 9 ہزار درخواستوں میں سے 5 ہزار درخواستوں کی یکسوئی کردی گئی ہے اور ان درخواستگذاروں کو فون پر اطلاع دی جارہی ہیکہ وہ بہادرپورہ کے جملہ 8 کاونٹرس میں سے کسی ایک پر جاکر اپنے وظیفہ حاصل کرلیں۔ حسینہ بیگم جنہوں نے تلگو میڈیم سے تعلیم حاصل کرتے ہوئے اس اعلیٰ عہدہ پر فائز ہوئی ہیں ۔ بات چیت کے دوران محسوس ہورہا تھا کہ وہ غریبوں سے غیرمعمولی ہمدردی رکھتی ہیں اور انہیں وظائف دلانے میں ممکنہ تعاون کریں گی۔ انہوں نے معذورین اور وظیفہ پیرانہ سالی اور وظیفہ بیوگان حاصل کرنے والے ہجوم کے بارے میں بتایا۔ جن درخواستوں کی یکسوئی ہوئی ہے ہم خود انہیں فون کرکے بتا رہے ہیں کہ فلاں علاقہ میں آ کر پنشن لے لو۔ حسینہ بیگم نے کہا کہ بہادرپورہ سنٹر میں وظائف کی تقسیم کیلئے 8 سنٹرس بنائے گئے ہیں جن میں چندو لال بارہ دری، نواب صاحب کنٹہ، دارالشفاء، رنمست پورہ، کمیونٹی ہال، پرانا پل، نندی موسلائی گوڑہ، خلوت اور سلطان شاہی شامل ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 9000 سے زائد افراد کیلئے 10 ارکان عملہ کام کررہے ہیں۔ آن لائن ڈاٹا کی جیسے جیسے یکسوئی ہورہی ہے ویسے ویسے فہرست وصول ہورہی ہے۔ میدک سے تعلق رکھنے والی اس خاتون منڈل ریونیو آفیسر کے مطابق جن زائد از 9000 درخواستگذاروں نے وظیفوں کیلئے درخواستیں دی ہیں ان سب کو وظیفے ضرور دیئے جائیں گے۔ ان کا محکمہ ضرورتمند عوام کی مدد کیلئے بڑے انہماک اور تندہی سے کام کررہا ہے۔ واضح رہے کہ سوشل سیکوریٹی پنشن کے تحت نومبر تک ضلع حیدرآباد کے انتظامیہ کو 8000 معذورین، بیواؤں اور بزرگ شہریوں کی درخواستیں وصول ہوئی تھیں۔ سماجی جہدکار سید سلیم الدین کے مطابق منڈل ریونیو آفس بہادرپورہ پر وظیفہ حاصل کرنے کے خواہاں مرد و خواتین کے ہجوم سے عہدیداروں کو کام کرنے میں دشواریاں ہورہی ہیں ایسے میں درخواستگذاروں ایم آر او آفس سے آنے پر ہی متعلقہ سنٹرس پر جاکر وظیفہ حاصل کرلیں۔ ان سنٹروں پر صبح 9 تا شام 5 بجے تک وظائف جاری کئے جاتے ہیں۔ [email protected]

TOPPOPULARRECENT