Wednesday , December 13 2017
Home / شہر کی خبریں / ایم آر پی پر اضافی جی ایس ٹی کی وصولی غیر قانونی

ایم آر پی پر اضافی جی ایس ٹی کی وصولی غیر قانونی

تاجرین کے خلاف سخت کارروائی، کمشنر سیول سپلائیز کا انتباہ
حیدرآباد۔/25 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کمشنر سیول سپلائیز سی وی آنند نے پیاکیجڈ اشیاء پر ایم آر پی سے زیادہ جی ایس ٹی وصول کرنے والے تاجرین کو انتباہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے پر مقدمہ درج کرتے ہوئے 2 تا 25 ہزار روپئے جرمانہ وصول کیا جائے گا۔ انہوں نے عہدیداروں کو دکانات اور مالس کا دورہ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ عوام کو واٹس اپ اور فون نمبرس پر شکایت درج کرانے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ کمشنر سیول سپلائیز نے آج اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں زیادہ سے زیادہ ریٹیل قیمت ( ایم آر پی ) پر اضافی جی ایس ٹی وصول کئے جانے کی شکایات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ بعض مقامات پر پیاک کی ہوئی اشیاء اور بعض مقامات پر بغیر پیاک کی ہوئی اشیاء پر ایم آر پی کے علاوہ اضافی جی ایس ٹی وصول کرنے کی مسلسل شکایات وصول ہورہی ہیں۔ اس ضمن میں انہوں نے عہدیداروں کو عوامی شعور بیداری مہم چلانے کا بھی مشورہ دیا۔ کمشنر سیول سپلائیز نے واضح کیا کہ پیاک کی ہوئی اشیاء کی قیمت میں جی ایس ٹی بھی شامل ہوتا ہے لیکن عوام لاعلم ہیں جس کا تاجرین بیجا فائدہ اٹھارہے ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ خصوصی ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے شہر حیدرآباد کے بشمول ریاست بھر میں اچانک دھاوے کئے جائیں اور غیر قانونی طور پر جی ایس ٹی وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ ایم آر پی کے ساتھ ساتھ اضافی جی ایس ٹی وصول کئے جانے کی صورت میں محکمہ سیول سپلائیز کے واٹس اپ نمبر 7330774444 ، لیگل میٹرولوجی ڈپارٹمنٹ کے نمبرات 7386136907 ، 27612170 پر اطلاع دیں ۔ اس کے علاوہ ای میل [email protected] پر بھی شکایات درج کروائی جاسکتی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT