Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / ایم ایم ٹی ایس خدمات کو یادادری تک توسیع کا فیصلہ

ایم ایم ٹی ایس خدمات کو یادادری تک توسیع کا فیصلہ

۔226 کروڑ روپئے کے مصارف، ٹنڈرس کی طلبی
حیدرآباد۔/13 ستمبر، ( سیاست نیوز) ایم ایم ٹی ایس ٹرین کو دوسرے مرحلے میں یادادری تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر 226.75 کروڑ روپئے کے مصارف ہوں گے۔ ریل وکاس نگم لمیٹیڈ نے ان کاموں کیلئے ٹنڈرس بھی طلب کیا ہے۔ تلنگانہ کے مذہبی مقام یادادری تک ایم ایم ٹی ایس ٹرین کو توسیع دینے کیلئے اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ ریل وکاس نگم لمیٹیڈ ( آر وی این ایل ) کی جانب سے 226.75 کروڑ روپئے خرچ ہونے کا تخمینہ تیار کرتے ہوئے ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں۔ 2 نومبر کو ٹنڈرس کھولے جائیں گے اور تعمیری کاموں کی دمہ داری دینے کا عمل مکمل ہونے کے بعد 30 ماہ میں پراجکٹ تکمیل کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ آر وی این ایل نے ایم ایم ٹی ایس ریل کی بوگیاں، حصول اراضیات، پٹریاں، کنکریٹ کے کھمبے و دیگر کاموں اور تعمیرات پر 412 کروڑ روپئے خرچ ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ دوسرے چھوٹے بڑے کاموں کی تکمیل کیلئے جملہ 226.75 کروڑ روپئے خرچ ہونے کا تخمینہ تیار کیا گیا ہے۔ پراجکٹ کی تکمیل پر رائے گری تک تیسری ریلوے لائن بھی دستیاب ہوجائے گی۔ مولاعلی تا گھٹکیسر تک 33 کیلو میٹر ریلوے لائن بچھانے کیلئے ایم ایم ٹی ایس دوسرے مرحلے کا کام جاری ہے۔ گھٹکیسر سے رائے گری تک 33 کیلو میٹر کام کیا جائے گا یہاں سے صرف 6 کیلو میٹر دوری پر یادادری رہے گا۔

حیدرآباد سے یادادری تک جانے والے عوام کیلئے یہ پراجکٹ تعمیر کیا جارہا ہے۔ دوتہائی مصارف برداشت کرنے سے حکومت تلنگانہ نے اتفاق کیا ہے اور مابقی مصارف محکمہ ریلوے برداشت کرے گا۔ محکمہ ریلوے نے بتایا کہ پراجکٹ کیلئے درکار اراضی میں 85 فیصد اراضی دستیاب ہے۔ مابقی 15 فیصد اراضی کیلئے ریاستی حکومت کو مکتوب روانہ کیا گیا ہے۔ نیا ریلوے ٹریک بچھانے سے کافی سہولتیں ہوں گی۔ سکندرآباد تا قاضی پیٹ تک ٹرین کی دو ریلوے لائن موجود ہیں جس پر مسافرین ٹرین گڈس ٹرین یہی ریلوے لائن پر چلائی جارہی ہے۔ ایم ایم ٹی ایس ٹرین سے مزید دباؤ بڑھ جانے کے اندیشہ کا اظہار کرتے ہوئے ایک نئی ریلوے لائن بچھائی جارہی ہے۔ ایم ایم ٹی ایس دوسرے مرحلے کے پراجکٹ سے سکندرآباد۔ کاچی گوڑہ۔ صنعت نگر۔ فلک نما کے علاوہ حیدرآباد کے دیگر مقامات سے عوام کو یادادری تک پہنچنے میں سہولت ہوگی۔ ریل وکاس نگم لمیٹیڈ کے چیف پراجکٹ منیجر پی سرینواس نے بتایا کہ تیسری ریلوے لائن دستیاب رہنے سے ایم ایم ٹی ایس، ایکسپریس اور گڈس ٹرین بھی ان پٹریوں پر چلانے کی سہولت رہے گی۔

TOPPOPULARRECENT