Saturday , May 26 2018
Home / شہر کی خبریں / ایم ایم ٹی ایس کے دوسرے مرحلہ کا کام مکمل، ملکاجگری تا بلارم ریلوے لائن کو برقیانے کا عمل پورا

ایم ایم ٹی ایس کے دوسرے مرحلہ کا کام مکمل، ملکاجگری تا بلارم ریلوے لائن کو برقیانے کا عمل پورا

حیدرآباد ۔ 13 مارچ (سیاست نیوز) ایم ایم ٹی ایس ٹرین کے دوسرے مرحلہ کے کام مکمل ہوچکے ہیں جس کا حیدرآبادیوں کو ایک طویل عرصہ سے انتظار تھا۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے حیدرآباد ڈیویژن کے عہدیداران نے ملکاجگری تا بلارم ریلوے لائن کو برقیانے کے کام مکمل کرلئے ہیں اور چند دن قبل ہی عہدیداران نے اس لائن پر تجربہ کیلئے گڈس ٹرین کو بھی چلایا ہے اور عنقریب ریلوے سیفٹی کمشنر اس ریلوے لائن کا جائزہ لینے کے بعد باقاعدہ ایم ایم ٹی ایس ریلوں کا آغاز کریں گے اور عہدیداران بلارم تا میڑچل 12.32 کیلو میٹر ریلوے لائن کو تیزی کے ساتھ برقیانہ کے عمل کو مکمل کرنے کے اقدامات کررہے ہیں۔ واضح ہوکہ شہر میں ٹریفک کو قابو میں کرنے کیلئے 2003ء متحدہ آندھراپردیش حکومت اور ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے شہر میں ملٹی ماڈل ٹرانسپورٹ سسٹم (ایم ایم ٹی ایس) پراجکٹ کا آغاز کیا تھا اور اس پراجکٹ کے تحت فی الحال کاچیگوڑہ ریلوے اسٹیشن سے فلک نما، لنگم پلی اسٹیشنوں کے درمیان ایم ایم ٹی ایس ریلیں چلائی جارہی ہیں اور ان ریلوں سے روزانہ 1.50 لاکھ شہریان استفادہ کررہے ہیں۔ کاچیگوڑہ اسٹیشن سے فلک نما۔ سکندرآباد ریلوے لائن کو 2004ء میں برقیانہ کے عمل کی تکمیل کی گئی۔ علاوہ ازیں سیتاپھل منڈی، ملکاجگری اور مولاعلی اسٹیشنوں کے درمیان 2010ء میں برقیانہ کے عمل کو مکمل کرتے ہوئے ریلوں کو چلانے کی ذمہ داری ریلوے الیکٹریکل کاچیگوڑہ کے سینئر سکشن انجینئر کے حوالے کی گئی۔
ریلوے ڈی آر ایم ارون کمار جین کے مطابق ملکاجگری تا بلارم کے درمیان ریلوے کے برقیانہ کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور ٹرائل رن بھی کامیاب ثابت ہوئی۔

TOPPOPULARRECENT