Thursday , January 18 2018
Home / شہر کی خبریں / ایم بی ٹی کارکن پر مجلسی رکن اسمبلی کا حملہ

ایم بی ٹی کارکن پر مجلسی رکن اسمبلی کا حملہ

زخمی نوجوان دواخانہ میں شریک، مقدمہ درج

زخمی نوجوان دواخانہ میں شریک، مقدمہ درج

حیدرآباد۔/20مئی، ( سیاست نیوز) اسمبلی انتخابات میں کامیابی کے باوجود مجلس کے رکن اسمبلی ممتاز احمد خاں پر خوف اور مایوسی چھائی ہوئی ہے، اسی خوف کے عالم میں انہوں نے ایم بی ٹی کارکن پر حملہ کیا۔ تفصیلات کے بموجب تالاب کٹہ بھوانی نگر کے ساکن 26سالہ سید پرویز پاشاہ مجلس بچاؤ تحریک کے کارکن ہیں اور آج رکن اسمبلی یاقوت پورہ ممتاز احمد خان اس علاقہ کا دورہ کررہے تھے۔ روڈ نمبر4بھوانی نگر میں واقع پرویز کے مکان پر رکن اسمبلی نے مبینہ طور پر پہنچ کر انہیں سدھر جانے کیلئے کہا ورنہ والٹا ہوٹل کا چڑھاؤ نہ چڑھنے کا انتباہ دیا۔ بھوانی نگر پولیس اسٹیشن میں درج کردہ ایف آئی آر کے بموجب ممتاز احمد خاں اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پدیاترا کررہے تھے اور اسی دوران انہوں نے پرویز پر حملہ کیا۔ پولیس نے کرائم نمبر 105/2014دفعہ 341 اور 323 کے تحت ممتاز احمد خاں، مختار احمد خاں، امجد، بابا، ذاکر، ایوب، محمد، رزاق، ڈاکٹر امتیاز، صدیق، عمران اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ انسپکٹر مسٹر بی سرینواس راؤ نے بتایا کہ رکن اسمبلی اور ان کے حامیوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں تحقیقات جاری ہیں۔ پرویز پر حملے کی اطلاع موصول ہوتے ہی صدر مجلس بچاؤ تحریک ڈاکٹر قائم خاں اور مسٹر مجید اللہ خاں فرحت بھوانی نگر پہنچ کر رکن اسمبلی کے اس حرکت کے خلاف احتجاج کیا اور زخمی کو دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا۔ پرویز کو طبی معائنوں کیلئے دواخانہ عثمانیہ میں شریک کیا گیا ہے جہاں پر وہ زیر علاج ہے۔

TOPPOPULARRECENT