ایم پی، راجستھان اور چھتیس گڑھ میں کانگریس کے چیف منسٹرس کی حلف برداری

ایم پی میں اپوزیشن قائدین کی شرکت، راجستھان میں سچن پائلیٹ ڈپٹی چیف منسٹر، ایک ہی گورنر نے ایک ہی دن دو چیف منسٹرس کو حلف دلوایا

بھوپال ۔ 17 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے لیڈر کمل ناتھ نے مدھیہ پردیش کے 18 ویں چیف منسٹر کی حیثیت سے آج حلف لیا ۔ گورنر آنندی بین پٹیل نے 72 سالہ کمل ناتھ کو عہدہ اور رازادی کا حلف دلایا ۔ کمل ناتھ نے حلف برداری کے فوری بعد کسانوں کے قرض معاف کرنے کی فائیل پر دستخط کرتے ہوئے کانگریس کے انتخابی وعدہ کی تکمیل کردی۔ گورنر نے انھیں جمعہ کو تشکیل حکومت کی دعوت دی تھی جس سے ایک دن قبل جمعرات کو کانگریس ہائی کمان نے کمل ناتھ کو اس عہدہ کے لئے نامزد کیا تھا۔ کمل ناتھ حلقہ چندواڑہ سے 9 مرتبہ لوک سبھا کے لئے منتخب ہوچکے ہیں ۔ راہول گاندھی نے سینئر قائدین سے مشاورت کے بعد انھیں کانگریس لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کرلیا گیا ہے۔ کمل ناتھ ماضی میں مرکزی کابینہ میں کئی قلمدان سنبھال چکے ہیں۔ انھیں اس سال 26اپریل کو مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر منتخب کیا گیاتھااور وہ 28 نومبر کو منعقدہ اسمبلی انتخابات میں اپنی پارٹی کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کی کوششوں میں سب سے آگے رہے جس کے نتیجہ میں 230 رکنی اسمبلی میں کانگریس کو 114 نشستیں حاصل ہوئیں اور اب مجموعی طورپر 121ارکان کی تائید حاصل ہوگئی ہے جن میں سماج وادی پارٹی کے ایک ، بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے دو اور چار آزاد ارکان بھی شامل ہیں۔ ان کی تائید کے بعد کانگریس اکثریت کے نشان 116 کو عبور کرچکی ہے۔ اس ریاست میں 15 سال حکمرانی کرچکی بی جے پی کو 109نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔ زعفرانی پارٹی کے لیڈر شیوراج سنگھ چوہان جو 2005 ء میں عنان اقتدار سنبھالے تھے سب سے طویل ترین مدت 15 سال تک حکمرانی کا اعزاز رکھتے ہیں ۔ کمل ناتھ کی حلف برداری تقریب میں کانگریس کے صدر راہول گاندھی ، سابق وزیراعظم منموہن سنگھ ، راجستھان کے چیف منسٹر اشوک گہلوٹ ، ان کے نائب سچن پائلٹ ، لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ملکارجن کھرگے ، جیوترادتیہ سندھیہ ، پنجاب کے وزیر نوجوت سنگھ سدھو اور دوسروں نے بھی شرکت کی ۔ دیگر اہم مہمانوں میں این سی پی کے صدر شردپوار ، نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ ، آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو ، لوک تانترک جنتادل کے لیڈر شردیادو ، ڈی ایم کے صدر ایم کے اسٹالن ، آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو ، کمل ناتھ کے پیشرو اور بی جے پی لیڈر شیوراج سنگھ چوہان بھی شامل تھے ۔ جئے پور سے موصولہ اطلاع کے بموجب کانگریس کے سینئر لیڈر اشوک گہلوٹ نے آج یہاں منعقدہ ایک تقریب میں چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیا ۔ سچن پائلٹ کو کابینہ کے رکن کی حیثیت سے حلف دلایا گیا۔ ان کی پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ (سچن ) ڈپٹی چیف منسٹر ہوں گے ۔ راجستھان کے گورنر کلیان سنگھ نے گہلوٹ اور پائلٹ کو حلف دلایا۔ البرٹ ہال میں منعقدہ تقریب حلف برداری میں کانگریس کے صدرراہول گاندھی اور سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کے علاوہ کانگریس اور اس کی حلیف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ملک بھر کے دیگر کئی اہم قائدین نے بھی شرکت کی ۔ گہلوٹ کی تجویز پر گورنر نے اعلان کیا کہ سچن پائلٹ ڈپٹی چیف منسٹر بھی ہوں گے ۔ سابق وزیراعظم (جنتادل سیکولر) کے صدر ایچ ڈی دیوے گوڑا ، راجستھان کے سبکدوش چیف منسٹر وسندھرا راجے ، این سی پی سربراہ شردپوار ، نیشنل کانگریس کے صدر فاروق عبداﷲ ، آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو ، کرناٹک کے چیف منسٹر کمارا سوامی ، ایل جے ڈی لیڈر شرد یادو، آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو ، ڈی ایم کے لیڈر ایم کے اسٹالن ، جے ایم ایم لیڈر ہیمنت سورین ، جے وی ایم لیڈر بابو لال مرنڈی اور دوسروں نے اس تقریب میں بھی شرکت کی ۔ قبل ازیں گہلوٹ اور پائلٹ نے راہول گاندھی اور منموہن سنگھ کا ایرپورٹ پر استقبال کیا ۔ بعد ازاں سخت ترین سکیورٹی کے درمیان ایک بس کے ذریعہ البرٹ ہال روانہ ہوئے۔ اس موقع پر کانگریس کارکنوں کی کثیرتعداد موجود تھی ۔ راجستھان میں روایتی طورپر چیف منسٹرس کو راج بھون میں حلف دلایا جاتا ہے لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ قلب شہر میں واقع تاریخی البرٹ ہال میں حلف برداری تقریب منعقد ہوئی ہے ۔ رائے پو رسے موصولہ اطلاع کے بموجب چھتیس گڑھ میں نئے چیف منسٹر کی حیثیت سے بھوبیش بھاگیل کو گورنر آنندی بین پٹیل آج حلف دلائیں۔ اس ریاست میں چیف منسٹر کے عہدہ کے دیگر دو اہم دعویداروں ٹی ایس سنگھ دیو اور تامرادھوج ساھو کو کابینی وزراء کی حیثیت سے حلف دلایا گیا۔ یہ بھی ایک اتفاق ہیکہ گورنر آنندی بین پٹیل آج دو ریاستوں میں دو نئے چیف منسٹروں کو حلف دلائی ہیں۔ انھوں نے آج دن میں مدھیہ پردیش میں کمل ناتھ کو چیف منسٹر کے عہدہ کا حلف دلایا اور چند گھنٹوں بعد چھتیس گڑھ کے چیف منسٹر کی حیثیت سے بھاگیل کو حلف دلایا ۔ غالباً یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے جس میں گورنر آنندی بین کو ایک دن میں دو مختلف ریاستوں کے چیف منسٹرس کو حلف دلانے کا منفرد اعزاز حاصل ہوا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT