Monday , December 18 2017
Home / شہر کی خبریں / ایم ڈی ایف کے زیر اہتمام رشتوں میں سہولت کی کوششوں کے مثبت نتائج

ایم ڈی ایف کے زیر اہتمام رشتوں میں سہولت کی کوششوں کے مثبت نتائج

دوبدو پروگرام کے علاوہ دفتر سے رجوع ہونے والے سرپرستوں و والدین کی تعداد میں مسلسل اضافہ
حیدرآباد۔26ستمبر(سیاست نیوز) ادارۂ سیاست ملت اسلامیہ کی ہر شعبہ میں رہنمائی اور مسائل کے حل کے سلسلہ میں متوجہ کرواتے ہوئے انہیں حل کرنے کی راہیں ہموار کرنا اپنا فریضہ تصور کرتا ہے ۔ ادارۂ سیاست کے ذریعہ لڑکیوں کی شادی اور رشتوں کی تلاش میں پیش آنے والی مشکلات کو دیکھتے ہوئے شروع کردہ پروگرام ’دوبدو‘ اب شہر حیدرآباد ہی نہیں بلکہ ریاست و ملک کے کئی مقامات پر تحریک کی شکل اختیار کرچکا ہے اور کئی تنظیموں کی جانب سے اس جانب توجہ دیتے ہوئے رشتوں کے مسائل کو دور کرنے کیلئے کوششیں کی جانے لگی ہیں لیکن اس کے باوجود میناریٹی ڈیولپمنٹ فورم کے زیر اہتمام ادارۂ سیاست کی نگرانی میں چلائے جانے والے رشتوں کے پروگرام کو جو مقبولیت حاصل ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگا یاجاسکتا ہے کہ ’دوبدو‘ کے دفتر اندرون احاطہ سیاست میں 10ہزار سے زائد لڑکے اور لڑکیوں کے بائیو ڈاٹا موجود ہیں اور روزانہ سینکڑوں والدین اور سرپرست اپنے لڑکے اور لڑکیوں کے لئے رشتوں کی تلاش میں اس دفتر کا رخ کر رہے ہیں ۔ میناریٹی ڈیولپمنٹ فورم کے زیر اہتمام چلائے جانے والے اس دوبدو پروگرام کا شہر کے علاوہ مختلف اضلاع میں انعقاد عمل میں لایا جاتا ہے اس کے باوجود پیامات کے سلسلہ میں روزانہ دفتر سیاست سے رجوع ہونے والوں کی تعداد میں روزانہ اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔لڑکیوں کی شادی میں پیش آنے والے مسائل کے حل کے سلسلہ میں ادارۂ سیاست نے جو تحریک شروع کی اس کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور ان کے اثرات دیکھے جانے لگے ہیں۔ جناب محمد عبدالقدیر آرگنائزنگ صدر ایم ڈی ایف نے بتایا کہ آئے دن دفتر پہنچ کر بائیوڈاٹا کا مشاہدہ کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دفتر میں دوبدو پروگرام کی طرح ہی تعلیم کے اعتبار سے مختلف گوشوں میں منقسم رشتوں کو جمع رکھا گیا ہے تاکہ والدین کو رشتوں کی تلاش میں کوئی دشواری نہ ہو۔ جو والدین اور سرپرست رشتوں کی تلاش میں سرگرداں ہیں وہ میناریٹی ڈیولپمنٹ فورم کے دفتر پہنچ کر رجسٹریشن کرواتے ہوئے دفتر میں موجود بائیوڈاٹا کا مشاہدہ کرتے ہیں اور ان میں جو کوئی لڑکا یا لڑکی انہیں پسند آتی ہے ان کے سرپرستوں کے رابطہ نمبر حاصل کرکے راست رابطہ کرلیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یومیہ 90تا100 کے قریب والدین و سرپرست ایم ڈی ایف کے دفتر پہنچ رہے ہیں اور اس تعداد میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے ۔دوبدو کے علاوہ دفتر میں رشتوں کا مشاہدہ کرنے والوں کی بڑھتی تعداد سے ادارۂ سیاست کے پروگرام کی مقبولیت اور عوام کو حاصل ہو رہے فائدہ کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ رشتوں کا مشاہدہ کرنے کیلئے دفتر پہنچنے والوں کا کہنا ہے کہ اس پلیٹ فارم کے سبب رشتوں کے لئے مختلف مقامات کے چکر نہیں کاٹنے پڑتے بلکہ ایک ہی مقام پر انہیں ان کی پسند کے مطابق رشتہ مل جاتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT