Saturday , December 16 2017
Home / شہر کی خبریں / این آر آئیز کیلئے صنعتی پارک اور ہاؤزنگ کالونی کی تجویز

این آر آئیز کیلئے صنعتی پارک اور ہاؤزنگ کالونی کی تجویز

غیر مقیم ہندوستانیوں سے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کی خواہش ‘ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کا خطاب
حیدرآباد ۔17اگست ( سیاست نیوز ) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے این آر آئیز کو تلنگانہ کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے تلنگانہ حکومت این آر آئیز کو کیرالا کے طرز پر تمام سہولتیں فراہم کرنے کیلئے سنجیدہ ہے ۔ این آر آئیز ہاؤزنگ کالونی ‘ انڈسٹریل پارک وغیرہ کیلئے بھی عملی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ این آر آئیز بھی تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے سنہرے تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں حکومت سے تعاون کریں ۔ تلنگانہ کے مسائل پر غور کرنے اور اس کا حل نکالنے کیلئے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے اعظم فنکشن ہال میں این آر آئیز کا ایک اجلاس طلب کیا اور سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ این آر آئیم کی ترقی ‘ فلاح و بہبود اور ان کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے علاوہ دوسری سہولتیں فراہم کرنے کے معاملے میں سنجیدہ ہے ۔ تلنگانہ این آر آئیز کی امیگریشن فیس جو کرورہا روپئے کی شکل میں مرکزی حکومت کے خزانہ میں جمع ہے اس کو حاصل کرنے اور این آر آئیز کی ترقی پر خرچ کرنے کیلئے تلنگانہ حکومت مرکزی حکومت  سے نمائندگی کرے گی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ این آر آئیز کے بچوںکیلئیحصول تعلیم بہت بڑا مسئلہ ہے ‘ جدہ میں ڈگری کالج کی بھی ضرورت ہے اور تلنگانہ میں بھی ان کے ساتھ رعایت ضروری ہے ۔ حکومت تلنگانہ این آر آئیز کو انڈسٹریل پارک اور ہاؤزنگ کالونی تعمیر کرنے کیلئے سنجیدہ غور کررہی ہے ۔ حکومت مسلمانوں کو 12فیصد مسلم تحفظات فراہم کرنے کے معاملے میں عہد کی پابند ہے ۔ مسلمانوں کو بھی اپنے مسائل حل کرنے کیلئے جماعتی وابستگی سے بالاتر ہوکر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ عارف قریشی (جدہ) نے کہا کہ محمد محمود علی پہلے ایسے ڈپٹی چیف منسٹر ہیں جنہوں نے این آر آئیز کے مسائل جاننے کیلئے ان کا اجلاس طلب کیا ہے ۔ کئی قائدین آئے ‘ دعوتیں قبول کی مسائل پر مبنی نمائندگیاں وصول کی اور چلے گئے ‘ کچھ کام ہوئے اور کچھ کام نہیں ہوئے تاہم ہمیں محمد محمود علی سے کافی امیدیں وابستہ ہیں ۔ انہوں نے این آر آئیم کے مسائل پر مشتمل ایک یادداشت ڈپٹی چیف منسٹر کو پیش کی ۔ اعجاز احمد خان نے این آر آئیز کے مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے این آر آئیز کیلئے ہاؤزنگ کالونی قائم کرنے یا سبسیڈی پر پلاٹس فراہم کرنے پر زور دیا ۔ سعودی عرب میں این آر آئیز سیل قائم کرنے کا مشورہ دیا ۔ محمد شمیم کوثر ٹرسٹی خاک طیبہ ٹرسٹ نے نے جدہ میں ڈگری کالج کے قیام کیلئے تلنگانہ حکومت کی جانب سے مساعی کرنے پر زور دیا ۔ کانگریس کے قائدین خلیق الرحمن اور جابر پٹیل نے بھی این آر آئیز کے مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں حل کرنے کا ڈپٹی چیف منسٹر سے مطالبہ کیا اور محمد محمود علی کو ڈپٹی چیف منسٹر بنانے پر چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر سے اظہار تشکر کیا ۔ قدرت نوام بیگ نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔ اس تقریب میں اقبال خان ‘ عظیم اللہ ‘ محسن علی ‘ ظہور بیگ ‘ جیوتی ریڈی ‘ حبیب اللہ کے علاوہ دوسرے این آر آئیز نے بھی شرکت کی ۔ تقریب کے بعد نتیہ مشاعرہ کا بھی اہتمام کیا گیا ۔

TOPPOPULARRECENT