Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / این محمد فاروق اور رام سبا ریڈی نے حلف لیا

این محمد فاروق اور رام سبا ریڈی نے حلف لیا

حیدرآباد۔/26جولائی، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش قانون ساز کونسل کیلئے گورنر کوٹہ کے تحت تلگودیشم پارٹی کے منتخبہ دو ارکان کونسل مسرس این محمد فاروق اور رام سبا ریڈی نے آج بحیثیت رکن کونسل حلف لیا۔ نائب صدر نشین آندھرا پردیش قانون ساز کونسل مسٹر ریڈی سبرامنیم نے دونوں نو منتخبہ ارکان کونسل کو حلف دلایا۔بعد حلف برداری اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نو منتخب رکن آندھرا پردیش قانون ساز کونسل و سابق ڈپٹی اسپیکر اے پی اسمبلی مسٹر این محمد فاروق نے انہیں رکن کونسل منتخب کرنے پر صدر قومی تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابونائیڈو سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے حلقہ اسمبلی نندیال کے مجوزہ ضمنی انتخاب کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ سابق میں حلقہ اسمبلی نندیال کی متعدد مرتبہ نمائندگی کرچکے ہیں اور حلقہ اسمبلی نندیال پر انہیں آج بھی کافی مضبوط گرفت حاصل ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ تقریباً 30سال سے وہ تلگودیشم پارٹی سے وابستہ ہیں جس کی وجہ سے مسٹر این چندرا بابونائیڈو نے پارٹی کیلئے ان کی دیرینہ خدمات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اس مرتبہ آندھرا پردیش کیلئے قانون ساز کونسل رکن منتخب کیا ہے۔ مسٹر این محمد فاروق نے مزید کہا کہ حلقہ اسمبلی نندیال کے لئے آئندہ دنوں میں منعقد ہونے والے ضمنی انتخاب میں تلگودیشم پارٹی امیدوار کو کم از کم50 ہزار ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل ہوگی۔
اسی دوران نو منتخب رکن آندھرا پردیش قانون ساز کونسل مسٹر رام سبا ریڈی نے بھی چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے اظہارتشکر کرتے ہوئے کہا کہ دو سال جیل میں رہنے کے باوجود انہیں تلگودیشم سے علحدگی اختیار کرنے اور دیگر پاری میں شامل ہونے کا کبھی ذہن میں بھی نہیں آیا جس کی وجہ سے مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے انہیں ایم ایل سی منتخب کیا۔ مسٹر رام سبا ریڈی نے حلقہ اسمبلی نندیال کے ضمنی انتخاب کے تعلق سے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں نندیال سے مقابلہ کیلئے کوئی امیدوار ہی نہیں تھا جس کی وجہ سے وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے تلگودیشم پارٹی قائد کو کئی ایک ترغیبات کی لالچ بتاکر وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شامل کرلیا اور اسی قائد کو حلقہ اسمبلی نندیال کے ضمنی انتخاب کیلئے پارٹی امیدوار بنایا ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ حلقہ اسمبلی نندیال کے ضمنی انتخاب میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو کامیابی حاصل ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

TOPPOPULARRECENT