Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / این ڈی اے حکومت پر دستور کو تبدیل کرنے کی سازش کا الزام

این ڈی اے حکومت پر دستور کو تبدیل کرنے کی سازش کا الزام

ملک کی موجودہ صورتحال پر اظہار تشویش ، خورشید احمد سعید
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : صدر آل انڈیا کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ خورشید احمد سعید نے تین طلاق ، لو جہاد ، گھر واپسی ، گاؤ رکھشک جیسے غیر اہم موضوعات کو موضوع بحث بناتے ہوئے ملک کے دستور کو تبدیل کرنے کی سازش کرنے کا این ڈی اے حکومت پر الزام عائد کیا ۔ وعدوں کی عدم عمل آوری کے معاملے میں مودی اور کے سی آر بڑے بھائی اور چھوٹے بھائی ہونے کا دعویٰ کیا ۔ ہندوازم کو فروغ دینے میں شہر کے دونوں بھائیوں کا بھی اہم رول ہونے کا ادعا کیا ۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد خواجہ فخر الدین ، وائس چیرمین محمد معراج خاں ، ترجمان تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی سید نظام الدین ، صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل ، سابق کارپوریٹر محمد غوث ، کانگریسی قائد ساجد شریف کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ خورشید احمد سعید نے ملک کی تازہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ساتھ اپنی شریک حیات کو نہ رکھنے والے وزیراعظم نریندر مودی ، تین طلاق پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مسلم خواتین سے جھوٹی ہمدردی کا اظہار کررہے ہیں ۔ وزیراعظم نریندر مودی سے استفسار کیا کہ اگر مسلم خواتین سے ہمدردی ہے تو گجرات فسادات میں قتل کردئیے جانے والے سابق رکن پارلیمنٹ احسان جعفری کی بیوہ ذکیہ جعفری سے کیوں ملاقات نہیں کی ۔ وزیراعظم کے حلقہ لوک سبھا بنارس کے ایک آشرم میں 36 ہزار ہندو بیوہ خواتین ہیں مودی نے ان کی فکر کیوں نہیں کی ۔ گاؤ رکھشک کے نام پر سڑکوں کے بیچوں بیچ 24 مسلمانوں کو ہلاک کردیا گیا ۔ لو جہاد کے خلاف گمراہ کن پروپگنڈہ کیا جارہا ہے ۔ غیر اہم موضوعات کو موضوع بحث بناتے ہوئے این ڈی اے حکومت اپنی 3 سالہ ناکامیوں کی پردہ پوشی کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ دیش چلانے میں این ڈی اے حکومت پوری طرح ناکام ہوگئی ہے ۔ بیرونی زر مبادلہ گھٹ گیا ہے ۔ صنعتوں اور اشیاء غذائی اجناس کی پیداوار بڑی حد تک گھٹ گئی ہے ۔ کسانوں کے خود کشی واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ خواتین و لڑکیوں کی عصمت ریزی واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ روزگار کے مواقع ختم ہوجانے سے شرح بیروزگاری بڑھ رہی ہے ۔ گورکھپور ہاسپٹل میں آکسیجن کی قلت سے 70 کمسن بچوں نے دم توڑ دیا ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی دیش کو چلانے کے بجائے لوگوں کو آپس میں بانٹ رہے ہیں ۔ خورشید احمد سعید نے گذشتہ تین سال کے دوران ملک میں ہوئی سرمایہ کاری اور فراہم کئے گئے ملازمتوں پر وائیٹ پیپر جاری کرنے کا وزیراعظم سے مطالبہ کیا اور کہا کہ انتخابات میں کامیابی کے لیے بی جے پی تمام سیاسی ہتکھنڈوں کا استعمال کررہی ہے ۔ گاندھی جی کا قتل کرنے کا ایجنڈہ رکھنے والوں کو ملک میں اہمیت دی جارہی ہے ۔ بڑے بڑے دستوری عہدوں پر انہیں فائز کرتے ہوئے ملک کے دستور کو تبدیل کرنے کی سازش کی جارہی ہے ۔ این ڈی اے کے دور اقتدار میں ملک کے پڑوسی ممالک سے رشتے بگڑ گئے ہیں ۔ فارن پالیسی کے معاملے میں بی جے پی کے قائدین سڑکوں پر لڑنے والے ٹپوریوں کی زبان میں بات کررہے ہیں ۔ دستور کا تحفظ کرنے اور سیکولرازم کو بچانے کے لیے کانگریس پارٹی اپنی مکمل جدوجہد جاری رکھے گی ۔ این ڈی اے حکومت اپوزیشن کو کمزور کرنے کے لیے ان کے خلاف سی بی آئی کا بیجا استعمال کرتے ہوئے انہیں ڈرانے دھمکانے کی کوشش کررہی ہے ۔ بی جے پی ہندوتوا کو فروغ دے رہی ہے اور حیدرآبادی دونوں بھائی ہندوازم کو مستحکم کرنے کا کام کررہے ہیں ۔ ریاست میں کانگریس کی جانب سے وقف جائیدادوں کو تباہ کرنے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر کانگریس نے ایسی کوئی غلطی کی ہے تو این ڈی اے اور ٹی آر ایس حکومتیں اس کی تحقیقات کرانے کے معاملے میں آزاد ہیں ۔ 12 فیصد مسلم تحفظات پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے خورشید احمد سعید نے کہا کہ جھوٹ بولنے کے معاملے میں مودی اور کے سی آر بھائی بھائی ہیں ۔ کانگریس کی جانب سے حکومت کی پالیسی کے خلاف شعور بیداری مہم چلائی گئی ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد خواجہ فخر الدین نے تعارف کرایا ۔۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT