Thursday , August 16 2018
Home / Top Stories / ایوارڈ واپس کرنے ہاکی اولمپین محمد شاہد کی بیوہ کی دھمکی

ایوارڈ واپس کرنے ہاکی اولمپین محمد شاہد کی بیوہ کی دھمکی

نئی دہلی ۔ /18 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ہاکی ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی اور 1980 ء ماسکو اولمپکس کے گولڈ میڈل حاصل کرنے والے مرحوم محمد شاہد کی اہلیہ پروین نے مرکز اور ریاستی حکومت پر وعدہ خلافی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے خاوند کو ملنے والے پدم شری اور ارجن ایوارڈ کے علاوہ دیگر تمغوں کو وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرکے واپس کریں گی ۔ محمد شاہد کا 2016 ء میں گرگاؤں دواخانے میں جگر اور گردوں کی ناکامی کے باعث 56 سال کی عمر میں انتقال ہوا تھا ۔ شاہد کی بیوہ پروین نے بتایا کہ وہ /21 جولائی کو دہلی جاکر وزیراعظم سے ملنے کی کوشش کریں گی اور ان سے ملاقات ہوئی تو وہ خاوند کو ملنے والے تمام سرکاری ایوارڈس واپس کریں گی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کے شوہر کے انتقال کے بعد حکومت کے عہدیداروں نے امداد کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن آج تک اس پر عمل درآمد نہیں ہوا ۔ محمد شاہد واراناسی کے ڈیزل انجن ریل کارخانے میں ملازم تھے ۔ ان کی وفات کے بعد تعزیت کیلئے کئی وزراء اور افسران نے ڈیریکا اسٹیڈیم کا نام شاہد کے نام پر رکھنے کا وعدہ کیا تھا لیکن آج تک اس پر عمل نہیں ہوا ۔ پروین نے بتایا کہ انہوں نے وزیراعظم مودی کے حالیہ دورہ واراناسی کے موقعہ پر بھی ملاقات کی کوشش کی تھی لیکن عہدیداروں نے انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی اب وہ دہلی جاکر وزیراعظم سے ملنے کی کوشش کریں گی ۔ اگر ملاقات کا موقع دیتے ہیں تو بطور احتجاج اپنے شوہر کو ملنے والے تمام ایوارڈس واپس کردیں گی ۔

TOPPOPULARRECENT