Wednesday , December 13 2017
Home / Top Stories / ایوانکا ٹرمپ اور مودی کا دورہ حیدرآباد ‘ سکیوریٹی منصوبہ کو قطعیت

ایوانکا ٹرمپ اور مودی کا دورہ حیدرآباد ‘ سکیوریٹی منصوبہ کو قطعیت

امریکی خفیہ سرویس و انٹلی جنس سکیوریٹی ونگ کے اجلاس میں تفصیلی جائزہ‘ فلک نما کے عشائیہ میں چیف منسٹر کی شرکت کی اطلاع نہیں
حیدرآباد ۔ /24 نومبر (سیاست نیوز) گلوبل انٹرپرینر شپ چوٹی کانفرنس میں شرکت کرنے والے دو اہم شخصیتوں صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کی دختر و مشیر ایوانکا ٹرمپ اور وزیراعظم نریندر مودی کی سکیورٹی کا عملی خاکہ تیار کریا گیا ہے ۔ آج کمشنر پولیس کے دفتر میں امریکی سیکریٹ سرویس ، انٹلیجنس سکیورٹی ونگ اور اسپیشل پروٹیکشن گروپ کا اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں /28 نومبر کو تاج فلک نما میں ترتیب دیئے جانے والے عشائیہ اور میٹرو ٹرین کے افتتاح سے متعلق سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔ مرکزی حکومت کے عشائیہ میں تاج فلک نما میں ریاستی چیف منسٹر کی شرکت کی اطلاع نہیں ہے جبکہ مرکزی وزارت خارجہ سشما سواراج کی شرکت کی توثیق کردی گئی ہے ۔ کمشنر پولیس وی وی سرینواس راؤ نے چوٹی کانفرنس کے موقع پر شہر آنے والے وی وی آئی پیز کی سکیورٹی کے انتظامات سے متعلق کہا کہ /28 نومبر کو وزیراعظم مودی دوپہر 1.15 بجے بیگم پیٹ ایرپورٹ پہونچیں گے جہاں سے انہیں بذریعہ ہیلی کاپٹر میاں پور میٹرو ریلوے اسٹیشن لے جایا جائیگا ۔ وہ میٹرو ٹرین کے افتتاح کے بعد کوکٹ پلی تک ٹرین میں سفر کریں گے اور 2.30 بجے انہیں بذریعہ ہیلی کاپٹر ایچ آئی سی سی چوٹی کانفرنس لے جایا جائیگا ۔ سرینواس راؤ نے کہا کہ چوٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے ایوانکا ٹرمپ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پہونچیں گی اور انہیں بذریعہ روڈ ایچ آئی سی سی سخت سکیورٹی کے درمیان لایا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ /28 نومبر کی شب تاج فلک نما میں ہونے والے عشائیہ کے موقع پر سخت سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں اور اس کا آج امریکی سیکریٹ سرویس نے راست جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ تاج فلک نما میں ایوانکا ٹرمپ اور وزیراعظم و دیگر 100 اہم مندوبین کو حضور نظام کے 101 نشستوں والے ڈائننگ ٹیبل پر عشائیہ کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ جبکہ فلک نما کے لانس میں 1200 تا 2000 مندوبین اور دیگر شخصیتوں کیلئے عشائیہ کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ فلک نما پیالس میں بڑی بسیس کی پارکنگ کا مسئلہ ہے اس لئے ایل ایم ویز اور ایس یو ویز کی پارکنگ کا انتظام دودھ خانہ ، بگی خانہ اور سوئمنگ پول کے قریب کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاج فلک نما میں 150 کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی جائیگی اور ان کے ذریعہ پولیس کمانڈ کنٹرول سے عشائیہ پر نگرانی رکھی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ایوانکا ٹرمپ اور نریندر مودی کی ایچ آئی سی سی تا تاج فلک نما کی منتقلی کیلئے پولیس نے خصوصی توجہ مرکوز کی ہے ۔ 45 بسوں کے علاوہ 4 خصوصی وی آئی پی قافلے موجود رہینگے ۔ سرینواس راؤ نے بتایا کہ مس ٹرمپ کی سکیورٹی کی ذمہ داری امریکی خفیہ سرویس نے اپنے پاس رکھی ہے اور شہر کی سڑکوں پر سفر کیلئے ان کی تین گاڑیاں حیدرآباد لائی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایوانکا کی سکیوریٹی کیلئے Close Proximity Teams موجود رہیں گی ۔ وزیراعظم عشائیہ میں 90 منٹ تک تاج فلک نما میں موجود رہیں گے ۔ بعد ازاں وہ شمس آباد ایرپورٹ سے نئی دہلی روانہ ہوجائیں گے ۔ صدر امریکہ کی دختر عشائیہ کے بعد ویسٹ ان ہوٹل مادھاپور منتقل ہوجائیں گی اور /29 نومبر کو شہر کے تاریخی علاقوں کا دورہ متوقع ہے ۔ امریکی خفیہ سرویس نے اس سلسلے میں کسی منصوبہ کا اعلان نہیں کیا ہے ۔ ایوانکا ٹرمپ /29 نومبر کی شب شمس آباد ایرپورٹ سے امریکہ روانہ ہوجائیں گی ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ /29 نومبر کو تاریخی قلعہ گولکنڈہ کے رانی محل میں ریاستی حکومت کی جانب سے سرکاری عشائیہ کا اہتمام کیا جارہا ہے اور اس کی سکیوریٹی کیلئے بھی خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ مندوبین اور دیگر اہم شخصیتوں کی گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے گولکنڈہ آرٹیلری سنٹر کی مدد حاصل کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاج فلک نما میں عشائیہ کیلئے پہونچنے والے وی وی آئی پیز کیلئے عارضی طور پر ٹریفک تحدیدات لاگو کی جائیں گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تعاون کریں ۔

TOPPOPULARRECENT