Wednesday , December 13 2017
Home / Top Stories / ایوانکا ٹرمپ چارمینار اور مکہ مسجد کا مشاہدہ کریں گی !!

ایوانکا ٹرمپ چارمینار اور مکہ مسجد کا مشاہدہ کریں گی !!

لاڈ بازار میں شاپنگ کا بھی پروگرام ، امریکی دختر اوّل کے اِستقبال کی تیاریاں زور و شور سے جاری

حیدرآباد۔ 23 نومبر (سیاست نیوز) تاریخی شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد میں امریکی صدر ڈونالڈمپ کی دختر ایوانکا ٹرمپ کے مثالی استقبال کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی امریکہ کی دختر اول کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کررہے ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق فلک نما پیالیس میں ایوانکا ٹرمپ کے عشائیہ کیلئے اسی ڈائننگ ٹیبل کا استعمال کیا جائے گا جس کے اطراف 101 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ یہ ڈائننگ ٹیبل دنیا میں اپنی طرز کا منفرد ڈائننگ ٹیبل ہے۔ ایوانکا میری ٹرمپ کے تاریخی چارمینار کے دورہ کے بھی پورے پورے امکانات ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ چارمینار کے چاروں سمتوں میں سرخ گرانائٹ کا فرش بچھانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اس کام سے وابستہ ایک عہدیدار نے بتایا کہ چارمینار کے اطراف 30 تا 35 فٹ تک فرش بچھانے کیلئے خاص طور پر سرخ گرانائٹ پڑوسی ریاست کرناٹک کے مساگاڈی ضلع رام نگر سے منگوایا گیا ہے۔ اس سلسلے میں عہدیدار کا کہنا تھا کہ فی الوقت 5,200 مربع میٹر پتھر بچھایا جارہا ہے اور روزانہ صبح 9 بجے سے رات 5 بجے تک 40 تا 50 مزدور کام کررہے ہیں۔ دوسری طرف چارمینار کے دو میناروں کی تزئین نو کا کام بھی جاری ہے۔ اس کام کیلئے ماہر کاریگروں کی خدمات حاصل کی گئیں۔ توقع ہے کہ ایوانکا ٹرمپ تاریخی چارمینار کے ساتھ ساتھ تاریخی مکہ مسجد کا مشاہدہ بھی کریں گی اور ہندوستان بھر میں موتیوں کے شہر حیدرآباد کی پہچان کی علامتوں میں سے ایک تاریخی لاڈ بازار میں خریداری بھی کریں گی۔ لاڈ بازار نظروں کو خیرہ کردینے والی چوڑیوں، موتیوں کے ہار، لباس عروسی اور خواتین کے ملبوسات کیلئے شہرت رکھتا ہے۔ ’’ڈیلی میل‘‘ میں شائع ایک رپورٹ میں وائٹ ہاوز کے عہدیدار کے حوالے سے بتایا گیا کہ 36 سالہ ایوانکا ٹرمپ تاریخی چارمینار اور ایک مسجد اک مشاہدہ کریں گی۔ اس عہدیدار نے ’’صرف ایک مسجد‘‘ کہا ہے اور حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد نہ صرف ہندوستان بلکہ ساری دنیا میں شہرت رکھتی ہیں۔ اس کے فن تعمیر کے چرچے عام ہیں۔ ایک اور رپورٹ میں ایوانکا ٹرمپ کے دورہ چومحلہ پیالیس حکومت مبارک کا امکان بھی ظاہر کیا گیا۔ ان رپورٹس میں اس لئے بھی صداقت ہوسکتی ہے کیونکہ یہ بات مشہور ہے کہ چارمینار اور مکہ مسجد کا مشاہدہ کئے بناء حیدرآباد کا دورہ نامکمل رہتا ہے۔ راقم الحروف نے چارمینار تا بنڈلہ گوڑہ کا دورہ کرتے ہوئے دیکھا کہ مختلف مقامات پر نئی سڑکیں بچھائی گئی ہیں۔ گڑھے وغیرہ نظر نہیں آئے۔ فلک نما تا چارمینار اسپیڈ بریکرس بھی دکھائی نہیں دیئے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ گلوبل انٹرپرینورشپ سمٹ میں زائد از 170 ممالک کے 1500 مرد و خاتون صنعت کار و ماہرین شرکت کریں گے۔ حیدرآباد کنونشن سنٹر، ہائی ٹیک سٹی میں منعقد ہونے والی اس چوٹی کانفرنس سے وزیراعظم نریندر مودی اور ایوانکا ٹرمپ مخاطب کریں گے۔ امریکہ کی 35 ریاستوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 350 صنعت کار اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین بھی شرکت کریں گے۔ اعلیٰ پولیس عہدیداروں کے مطابق گلوبل انٹرپرینورشپ سمٹ کیلئے حیدرآباد کا انتخاب حیدرآباد سٹی پولیس، حیدرآبادی عوام اور حکومت کیلئے ایک اعزاز ہے۔ اس سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ حیدرآباد ، ہندوستان کا ایک بہترین شہر ہے۔ آپ کو بتادیں کہ ایوانکا ٹرمپ، صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور ان کی پہلی بیوی ایوانا ٹرمپ کی دُختر ہیں۔ انہیں اور ان کے شوہر چیرڈکشنر دونوں کو صدر ٹرمپ کے مشیر مقرر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ گلوبل انٹرپرینورشپ سمٹ کو ہر حال میں یادگار بنانے کے خواہاں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ایوانکا ٹرمپ کیلئے بینکاک، انڈونیشیا، سنگاپور اور بنگلورو سے بطور خاص ہمہ اقسام کے پھول منگوائے جارہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT