Monday , July 23 2018
Home / شہر کی خبریں / ایوانکا ٹرمپ کا فلک نما پیالیس میں شاہانہ استقبال

ایوانکا ٹرمپ کا فلک نما پیالیس میں شاہانہ استقبال

بیگم پیٹ ایر پورٹ پر آمد کا امکان
حیدرآباد ۔22۔ نومبر (سیاست نیوز) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی دختر ایوانکا ٹرمپ کا فلک نما پیالس میں شاہانہ استقبال کیا جائے گا۔ انہیں دو گھوڑوں کی بگی میں بٹھاکر فلک نما پیالس لانے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ فلک نما پیالس چونکہ سلاطین آصفیہ کی یادگار ہے ، لہذا اس بیرونی مہمان کا ہوٹل انتظامیہ نے شاہانہ طریقہ سے استقبال کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے فلک نما پیالس میں ایوانکا ٹرمپ کے اعزاز میں دعوت کا اہتمام کیا گیاہے۔ ہوٹل کے ذرائع نے بتایا کہ شاہی انداز میں ایوانکا کے استقبال کے لئے گھوڑوں کی بگی تیار کی جارہی ہے۔ جاریہ ماہ حیدرآباد میں عالمی معاشی سمٹ میں شرکت کیلئے ایوانکا حیدرآباد پہنچ رہی ہیں۔ حیدرآباد شہر کے ان تمام راستوں کو جہاں سے ایوانکا کا گزر ہوگا ، انتہائی خوبصورتی سے سجایا جارہا ہے۔ ان علاقوں کو بقعہ نور بنایا جائے گا ۔ سڑک کے دونوں جانب دیواروں کو رنگ و روغن سے سجانے کا کام شروع ہوچکا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کے علاوہ مرکزی وزراء مختلف ریاستوں کے چیف منسٹرس اور بین الاقوامی تجارتی اداروں کے سربراہان کی شرکت متوقع ہے۔ ایوانکا ٹرمپ پہلی مرتبہ حیدرآباد کے دورہ پر آرہی ہیں اور تلنگانہ حکومت نے انہیں خوش کرنے کیلئے کوئی دقیقہ نہیں چھوڑا ہے۔ حیدرآباد میں گداگروں کو دو مہینے پہلے سے ہی سڑکوں سے ہٹادیا گیا اور انہیں ریسکیو ہوم منتقل کیا گیا ہے۔ ان تمام تیاریوں کے دوران خصوصی تیار کردہ بگی میں مہارانی کی طرح جب ایوانکا ہوٹل فلک نما پیالس تک کا سفر طئے کریں گی تو ان میں یقینی طور پر مہارانی ہونے کا احساس ضرور پیدا ہوگا۔ ایوانکا ٹرمپ امکان ہے کہ راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایرپورٹ شمس آباد کی بجائے بیگم پیٹ ایر پورٹ پہنچیں گی اور یہاں سے وہ گلوبل انٹر پرینو رشپ چوٹی اجلاس میں شرکت کریں گی۔ وزیر اعظم نریندر مودی بھی میاں پور اسٹیشن پر میٹرو ریل کے افتتاح کیلئے بیگم پیٹ ایر پورٹ پہنچیں گے۔ اس کے علاو ہ وہ مادھا پور میں منعقد ہونے والے چوٹی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ اس دورہ کے پیش نظر اڈوانسڈ سیکورٹی لائزننگ ٹیم انتظامات کو قطعیت دے رہی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT