ایوانکا ٹرمپ کی خاطر شہر کی سڑکوں کی تعمیر ومرمت

امریکی صدر کی دختر کے گذرنے والے راستوں پر ہی سڑکوں کی مرمت، باقی شہر نظرانداز
حیدرآباد۔14نومبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کی خستہ حال سڑکوں کی قسمت جاگ گئی ہے کیونکہ گذشتہ 2برس سے شہر کی سڑکوں کو مرمت کے ذریعہ ٹھیک کیا جا رہاتھا لیکن اب جبکہ شہر میں GES-2017 منعقد ہونے جا رہاہے تو مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ دیگر محکمہ جات نے سڑکوں کی مرمت نہیں بلکہ تعمیر شروع کر دی ہے اوران سڑکوں کی تعمیر کی جا رہی ہے جہاں سے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی دختر ایوانکا ٹرمپ کا گذر ہونے کا امکان ہے۔ ڈونالڈ ٹرمپ کی دختر ایوانکا ٹرمپ کے دورۂ حیدرآباد کے لئے جاری تیاریو ںمیں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے 21کروڑ سے زائد سڑکوں کو بہتر بنانے پر خرچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور شہر کی بیشتر اہم سڑکوں کی بہتری کا عمل تیزی کے ساتھ جاری ہے ۔ جی ایچ ایم سی دو برس سے شہر کی سڑکوں کی حالت کو بہتر بنانے کے اعلانات کرتی رہی ہے لیکن اب جی ای ایس کیلئے سڑکوں کو بہتر بنایا جانے لگاہے۔ سوشل میڈیا پر شہریوں کی جانب سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے اس اقدام پر طنز کرتے ہوئے یہ کہا جا رہاہے کہ دو برس سے شہری حادثات کا شکار ہورہے ہیں اور کئی مسائل سے دور چار ہونے لگے ہیں لیکن بلدیہ کو اس بات کا احساس نہیں تھا مگر اب ایوانکا ٹرمپ کے دورہ کو نظر میں رکھتے ہوئے شہر کی سڑکوں کو بہتر بنایا جارہا ۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے طنز میں یہ بھی کہا جا رہاہے کہ شہر کی ترقی کیلئے منتخبہ نمائندوں ‘ حکومت یا عہدیداروں سے نمائندگی کرنے کے بجائے امریکہ یا کسی اور ملک کی سرکردہ شخصیت کو مدعو کیاجانا چاہئے تاکہ ان کیلئے ہی سہی حکومت کی جانب سے بہتر سہولتوں کی فراہمی تو یقینی بنائی جائے گی جس سے شہریان حیدرآباد استفادہ کر سکتے ہیں۔ عہدیدارخود اس طنز کا مزہ لیتے ہوئے یہ کہہ رہے ہیں کہ بجٹ کی عدم موجودگی کے سبب یہ صورتحال تھی اور اب جب حکومت نے بجٹ جاری کیا ہے تو سڑکوں کی تعمیرکی جا رہی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت یا بلدیہ نے ان کی سہولت کیلئے نہیں بلکہ ایوانکا ٹرمپ کو دکھانے کیلئے سڑکوں کو بہتر بنایا جارہا ہے۔ شہریان حیدرآباد کا کہناہے کہ اگر حکومت اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہریو ںکی سہولت کیلئے سڑکوں کی تعمیر عمل میںلائی جارہی ہے تو شہر کے ان رہائشی علاقوں کی تعمیر پر بھی توجہ دینی چاہئے جن علاقو ںمیں کثیرآبادی ہے لیکن سڑکوں کی حالت انتہائی ابتر ہے اوران پر توجہ دینے والا کوئی نہیں ہے بلکہ انہیں ایسے ہی چھوڑ دیا گیا ہے جس کے سبب شہری یہ کہنے پر مجبور ہیں کہ سڑکوں کی جاری تعمیر ان کے لئے نہیں بلکہ ایوانکا ٹرمپ کیلئے ہے۔ اسی طرح شہر کی سڑکوں کو گداگروں سے پاک بنانے کے اقدامات کو بھی ایوانکا ٹرمپ کے دورہ سے مربوط کیا جا رہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT