Thursday , December 14 2017
Home / Top Stories / ایوانکا ٹرمپ کی سکیورٹی کیلئے امریکی خصوصی ٹیم کا دورہ

ایوانکا ٹرمپ کی سکیورٹی کیلئے امریکی خصوصی ٹیم کا دورہ

تاج فلک نما پیالیس پر وزیراعظم مودی کی جانب سے 28 نومبر کو عشائیہ ، 29 نومبر کو قلعہ گولکنڈہ میں چیف منسٹر کے سی آر کا ڈنر

٭ عالمی انٹرپرینورشپ چوٹی کانفرنس کے مقام ’’ہائی ٹیکس ‘‘ پر کمانڈوز تعینات
٭ چوٹی کانفرنس میں شریک 1,500 مندوبین کی سکیورٹی کیلئے ہزاروں پولیس ملازمین متعین
٭ تاج فلک نما کے اطراف 2,000 پولیس ملازمین کی سکیورٹی

حیدرآباد۔ 19 نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میں 28 نومبر سے شروع ہونے والی 3 روزہ عالمی انٹرپرینورشپ چوٹی کانفرنس 2017ء کیلئے وسیع تر سکیورٹی انتظامات کے درمیان صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کی دُختر ایوانکا ٹرمپ کی سکیورٹی کیلئے امریکہ سے خصوصی ٹیم حیدرآباد پہنچ رہی ہے۔ پیر کے روز یہ ٹیم شہر کے اُن مقامات کا احاطہ کرے گی جہاں سے ایوانکا ٹرمپ کا گذر ہوگا۔ اس ٹیم کے ہمراہ عصری اسلحہ اور جدید ساز و سامان بھی ہوگا۔ چوٹی کانفرنس میں وزیراعظم نریندر مودی بھی شرکت کررہے ہیں۔ ایوانکا ٹرمپ چوٹی کانفرنس میں شرکت کرنے والے امریکی وفد کی قیادت کریں گی۔ حیدرآباد اور سائبرآباد کے کمشنریٹ کے سینئر پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ امریکی سکیورٹی ٹیم کے علاوہ تلنگانہ پولیس کی جانب سے بھی شہر میں سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔ چوٹی کانفرنس کے مقام کے اطراف و اکناف میں پہلے ہی سکیورٹی سخت کردی گئی ہے اور سکیورٹی چیک اَپ میں بھی شدت لائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ تاج فلک نما پیالیس کے اطراف گھر گھر تلاشی مہم بھی کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ 28 نومبر کو وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے فلک نما پیالیس میں ایوانکا ٹرمپ کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں چوٹی کانفرنس میں شریک ہونے والے دیگر مندوبین بھی شرکت کریں گے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اسپیشل پروٹیکشن گروپ (ایس پی جی) اور یو ایس سیکرٹ سرویس کے عہدیداروں نے شہر میں پہلے ہی دورہ کیا ہے اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ہے۔ یہ ٹیمیں دوبارہ شہر پہونچ رہی ہیں تاکہ سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے کر انہیں قطعیت دی جاسکے۔ گرے ہاؤنڈس کمانڈوز کے علاوہ انسداد نکسلائیٹس فورس کا چوکس عملہ اور آکٹوپس کے ارکان بھی تعینات کئے جائیں گے۔ انسداد دہشت گردی فورس کے علاوہ 1,500 پولیس عملہ بھی تعینات رہے گا اور سائبرآباد پولیس کمشنریٹ کے تحت واقع چوٹی کانفرنس کے مقام ہائی ٹیکس کے قریب بھی دیگر 300 پولیس ملازمین کو تعینات کیا جارہا ہے۔ پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ اس چوٹی کانفرنس میں دنیا بھر سے تقریباً 1,500 مندوبین شرکت کررہے ہیں۔ حیدرآباد پولیس کمشنریٹ سے وابستہ ایک اور سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ فلک نما پیالیس کے اطراف 2000 پولیس ملازمین کو تعینات کیا جائیگا جبکہ اس علاقہ کے اطراف واقع 3,500 مکانات کی پہلے ہی گھر گھر تلاشی لی گئی ہے۔ ہم نے ان علاقوں کا مکمل طور پر جائزہ لیا ہے اور ان بستیوں کے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے مکانات میں اجنبی افراد کو سہارا نہ دیں۔

ایوانکا ٹرمپ کی قلعہ گولکنڈہ پر حیدرآبادی پکوان سے تواضع
حیدرآباد۔19 نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے 29 نومبر کو تاریخی قلعہ گولکنڈہ میں صدر امریکہ کی دُختر ایوانکا ٹرمپ اور چوٹی کانفرنس میں شرکت کرنے والے دیگر بین الاقوامی مندوبین کی حیدرآبادی پکوانوں سے تواضع کی جائے گی۔ اس عشائیہ میں حیدرآباد اور تلنگانہ کی ملی جلی تہذیب سے آراستہ ڈیشیس کا اہتمام کیا جائے گا۔ پتھر کا گوشت ، شیر خورمہ، ڈبل کا میٹھا ، سرواپنڈی اٹو اور سائیکانالو ڈیشیس بھی شامل رہیں گی۔ عشائیہ کے انتظام کرنے والوں نے پہلے ہی حیدرآباد میں ماہر شیفس کی خدمات حاصل کرلی ہے تاکہ وہ حیدرآباد اور تلنگانہ کے خصوصی پکوان تیار کرسکیں۔ ان پکوانوں میں ویجیٹیبل کری ، مسالہ بیگن ، اَرتیکا پلسو (موز سے تیار کردہ ڈش ) کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ’’دسترخوان نظام ‘‘کی زینت بننے والے پکوانوں میں دَم کی بریانی ، خوبانی کا میٹھا اور ایرانی چائے سے مہمانوں کی ضیافت کی جائے گی۔ تلنگانہ میں ڈبل کا میٹھا ، خوبانی کا میٹھا ، شیر خورمہ اور روا کے لڈو مشہور ہیں۔ دیگر پکوانوں میں انڈین ، چائنیز، فرنچ ، یونان، اٹالین اور کیریبین پکوان بھی مندوبین کی پسند کے مطابق پیش کئے جائیں گے۔ ملک بھر کے علاوہ حیدرآباد کے ممتاز اور نامور باورچیوں کو عشائیہ کے پکوان کیلئے مقرر کیا گیا ہے۔ اس موقع پر مشہور شیفس ، ایوانکا کو حیدرآبادی اور تلنگانہ تہذیب کے روایتی پکوانوں کی تاریخی اہمیت سے بھی واقف کرائیں گے۔

 

Top Stories

TOPPOPULARRECENT