Tuesday , December 12 2017
Home / Top Stories / ایوانکا ٹرمپ کی مہمان نوازی اور خوش کرنے حکومت تلنگانہ سرگرم

ایوانکا ٹرمپ کی مہمان نوازی اور خوش کرنے حکومت تلنگانہ سرگرم

طرح طرح کے پکوان ‘ کئی پروگرامس کے علاوہ ’’ گفٹ باسکٹ ‘‘ تیار کرنے چیف منسٹر چندر شیکھر راو کا فیصلہ
حیدرآباد ۔21۔ نومبر (سیاست نیوز) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی دختر ایوانکا ٹرمپ کی مہمان نوازی میں اگرچہ تلنگانہ حکومت دن رات مصروف ہے اور انہیں خوش کرنے طرح طرح کے پکوان کی تیاری اور پروگراموں کا اہتمام کیا جائیگا ۔ ایوانکا ٹرمپ جو تلنگانہ حکومت کی مہمان ہیں ، ان کیلئے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے قیمتی تحائف کی پیشکشی کا فیصلہ کیا ہے اور مختلف قیمتی اشیاء پر مشتمل ’’گفٹ باسکٹ‘‘ کو تیار کیا جارہا ہے۔ 28 نومبر سے حیدرآباد میں شروع ہونے والے تین روزہ عالمی تجارتی سمٹ میں شرکت کیلئے ایوانکا ٹرمپ حیدرآباد پہنچ رہی ہیں، وہ امریکی خاتون صنعت کاروں کے وفد کی قیادت کرینگی ۔ ایوانکا کے ساتھ اگرچہ وزیراعظم نریندر مودی بھی سمٹ میں شریک ہوں گے لیکن حکومت اور نظم و نسق کی ساری توجہ ٹرمپ کی دختر کیلئے بہتر سے بہتر انتظامات پر مرکوز ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ متحدہ آندھراپردیش میں چندرا بابو نائیڈو اور وائی ایس راج شیکھر راؤ کے دور حکومت میں امریکی صدور بل کلنٹن اور جارج ڈبلیو بش کے حیدرآباد دورہ کے موقع پر جو گفٹ باسکٹ پیش کیا گیا تھا ، ایونکا کیلئے تیار کئے جانے والا تحائف کا یہ باسکٹ منفرد اور مختلف ہوگا۔ کلنٹن کو چاندی کا چارمینار بطور مومینٹو پیش کیا گیا تھا جبکہ جارج ڈبلیو بش کو بھی بطور تحفہ چاندی کا چارمینار پیش کیا گیا ۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ ایوانکا ٹرمپ کو ایک منفرد تحفہ پیش کرنا چاہتے ہیں جو 29 ڈسمبر کو تلنگانہ حکومت کی جانب سے تاریخی قلعہ گولکنڈہ کے سبز زار پر ترتیب دیئے جانے والے عشائیہ کے موقع پر پیش کیا جائیگا۔ سمٹ میں شرکت کرنے والے تمام مندوبین تلنگانہ حکومت کے عشائیہ میں شرکت کریں گے۔ ایوانکا ٹرمپ امریکی صدر کی مشیر بھی ہیں ، لہذا حکومت پروٹوکول کے مطابق ان کا استقبال اور تہنیت پیش کریں گی۔ گفٹ باکس میں شامل کی جانے والے اشیاء کے انتخاب کی ذمہ داری جی اے ڈی کو دی گئی ہے جو محکمہ انڈسٹریز و کامرس سے مشاورت کے ذریعہ اسے تیار کرے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ تحائف میں تاریخی چارمینار کا مومنٹو موتیوں سے جڑا نکلس اور ڈائمنڈ کٹ جویلری شامل ہونگے جسے حیدرآباد کے نامور جویلرس سے تیار کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ گدوال اور سرسلہ کی ہینڈلوم اور سلک ساڑیاں پیش کی جائیں گی۔ چندر شیکھر راؤ تحائف کی پیشکشی کے سلسلہ میں قطعی فیصلہ کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ تحائف کو قطعیت دینے ریاستی حکومت کو ایوانکا کے سکریٹری اسٹاف سے اجازت لینی ہوگی۔ کے سی آر اور سیکورٹی اسٹاف کی منظوری کے بعد پروٹوکول ڈپارٹمنٹ گفٹ باسکٹ تیار کریگا۔

TOPPOPULARRECENT