Tuesday , November 21 2017
Home / جرائم و حادثات / ایوب خاں کی ایک ہفتہ طویل پولیس تحویل ختم ، جیل منتقل

ایوب خاں کی ایک ہفتہ طویل پولیس تحویل ختم ، جیل منتقل

روڈی شیٹر نے جیل میں رہ کر فرضی پاسپورٹ حاصل کیا ، تحقیقاتی ٹیم کا بیان

حیدرآباد ۔ /12 جنوری (سیاست نیوز) شہر کے خطرناک روڈی شیٹر ایوب خان کی ایک ہفتہ طویل پولیس تحویل کے اختتام پر آج اسے نامپلی کریمنل کورٹ میں پیش کیا گیا بعد ازاں اسے چنچل گوڑہ جیل منتقل کردیا گیا ۔ ایوب کی غیرقانونی سرگرمیوں اور فرضی پاسپورٹ کے حصول کی تحقیقات کیلئے قائم کی گئی اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم نے تحقیقات کے دوران یہ پتہ لگایا ہے کہ روڈی شیٹر نے جیل میں رہ کر فرضی پاسپورٹ حاصل کیا تھا ۔ پاسپورٹ کی تیاری اور اس کی کارروائی کیلئے خلیل نامی پاسپورٹ ایجنٹ نے اس کی مدد کی تھی ۔ پولیس کو اس پاسپورٹ ایجنٹ کی شدت سے تلاش ہے اور اس کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔ روڈی شیٹر کی تفتیش کے دوران ساؤتھ زون پولیس نے یہ پتہ لگایا ہے کہ ایوب نے جیل سے فرضی پاسپورٹ جس کا نمبر J1225657 ہے حاصل کیا تھا اور اس پاسپورٹ پر اس نے شہر سے راہ فرار اختیار کرنے کے بعد ہندوستان کا 9 مرتبہ دورہ کیا ۔ روڈی شیٹر نے نئی دہلی ، کولکتہ ، ممبئی ، بنگلور میں اپنا ٹھکانہ جمایا تھا اور 2016 ء عیدالفطر بھی اپنے ارکان خاندان کے ہمراہ منائی تھی ۔ روڈی شیٹر نے اس فرضی پاسپورٹ پر بیرونی ممالک ، بنکاک ، ملیشیا ، سعودی عرب ، دوبئی کا سفر کیا اور وہ امریکہ کا ویزا حاصل کرنے کی تیاری میں تھا ۔ ایس آئی ٹی سربراہ و اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس چارمینار مسٹر کے اشوک چکرورتی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ نئی دہلی بیورو آف امیگریشن (ایف آر آر او) کے دفتر پہونچ کر ایوب کی ہندوستان کو آمد و رفت کی تفصیلات حاصل کی ۔ پولیس نے 8 روزہ تحویل میں اس بات کا بھی پتہ لگایا کہ روڈی شیٹر نے گولکنڈہ بڑا بازار کے پتہ پر پاسپورٹ حاصل کیا تھا لیکن اس پتہ پر فوٹو شناختی کارڈ ، راشن کارڈ اور دیگر فرضی دستاویزات پاسپورٹ کے حصول کیلئے تیار کئے تھے ۔ واضح رہے کہ گولکنڈہ کے ایک مکان مالک آسیہ صدیقہ نے اپنے گھر کا پتہ استعمال کئے جانے پر روڈی شیٹر کے خلاف ایک مقدمہ گولکنڈہ پولیس اسٹیشن میں درج کروایا تھا ۔ پولیس ساؤتھ زون نے /2 جنوری کو چیف میٹرو پولیٹین مجسٹریٹ نامپلی کی ہدایت پر ایوب خان کو 8 روزہ پولیس تحویل میں لیکر فرضی پاسپورٹ کے حصول کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ عنقریب روڈی شیٹر کو شاہ علی بنڈہ ، حسینی علم اور گولکنڈہ پولیس اپنی تحویل میں لیکر مزید پوچھ تاچھ کرے گی ۔

TOPPOPULARRECENT