Saturday , December 16 2017
Home / شہر کی خبریں / ایودھیا شہر میں رام مندر کے وجود کا کوئی ثبوت نہیں

ایودھیا شہر میں رام مندر کے وجود کا کوئی ثبوت نہیں

فرقہ پرستوں کی سازش ملک کیلئے خطرہ ، سیکولر عوام کو متحد ہونے کا مشورہ : منی شنکر ائیر و محمد ادیب کا خطاب
حیدرآباد ۔ 21 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ہندوستان ایک عظیم سیکولر ملک ہے جہاں پر مختلف مذاہب کے ماننے والے لوگ رہتے اور بستے ہیں ۔ ہندوستان کو ہندوراشٹر میں تبدیل کرنے کی تمام کوششیں ہندوستان کے سیکولر نظام کے لیے ایک سنگین خطرہ ہیں ۔ بابری مسجد مسئلہ کے حقائق سے واقفیت کے لیے جناب محمد عبدالرحیم قریشی صدر کل ہند تعمیر ملت و اسسٹنٹ سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی لکھی کتاب Facts of Ayodhya Episode کی رسم اجرائی تقریب کے موقع پر کانگریس پارٹی کے سابق مرکزی وزیر و رکن پارلیمنٹ جناب منی شنکر ائیر ان خیالات کا اظہار کررہے تھے ۔ اردو مسکن خلوت میں منعقدہ اس تقریب سے سابق رکن پارلیمنٹ جناب محمد ادیب ، مورخ و سماجی جہد کار کیپٹن پانڈو رنگاریڈی ، ڈاکٹر چرنجیوی کے علاوہ مختلف مکاتب فکر ومذہب کے دانشوروں نے بھی خطاب کیا ۔ اپنے سلسلے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے منی شنکر ائیر نے کہا کہ ہندوستان کی آزادی سے قبل مسلمانوں اور ہندوؤں نے راجہ اور مہاراجہ کی حیثیت سے حکمرانی کی ہے ۔ انہوں نے مسلم حکمرانوں کے دور کو ہندوستان کی تاریخ کا سب سے سنہری دور قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلم حکمرانوں کے متعلق فرقہ پرستوں کی جانب سے کیا جانے والا پروپگنڈہ بے بنیاد ہے ۔ انہوں نے مسلم حکمرانوں کو سیکولر قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلم دور حکومت میں منادر کی تعمیر کے لیے اعانت جاری کرنے کے واقعات ہندوستان کے مسلم دور حکمرانی میں ہی ملتے ہیں ۔ جناب منی شنکرائیر نے ہندوستان میں رہنے اور بسنے والے تمام مذاہب کی سیکولر عوام سے متحد ہونے اور فرقہ پرستوں کے ناپاک عزائم کا مقابلہ کرنے کی اپیل کی ۔ اور کہا کہ ہندوستان پر جتنا حق ہندوؤں کا ہے اتنا ہی حق مسلمانوں اور دیگر قوموں کا بھی ہے ۔ منی شنکر ائیر نے کسی بھی مذہب کے ساتھ نا انصافی کو ملک کے لیے نقصان دہ قرار دیا ۔ سابق رکن پارلیمنٹ جناب محمد ادیب نے بابری مسجد سانحہ کو فرقہ پرست طاقتوں کی بڑی سازش قرار دیا جس کے ذریعہ وہ ہندوستان میں فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے اور حکمرانی کرنے کا منصوبہ چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج قومی سطح پر انسانیت کا فقدان واضح طور پر نظر آرہا ہے ۔ جناب محمد ادیب نے مزید کہا کہ ملک کے حالات نازک ہیں اور ایسے وقت ہمیں متحد ہو کر فرقہ پرستوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے امن قائم کرنے اور اتحاد کے ساتھ رہنے کی عوام سے اپیل بھی کی ۔ مولانا عبدالرحیم قریشی نے کہا کہ تاریخ کی کسی بھی کتاب میں ایودھیا کے اندر رام مندر کے وجود کا کوئی ثبوت موجود نہیں ہے ۔ کنوینر کے فرائض ضیا الدین نیر نے انجام دئیے جب کہ سینکڑوں کی تعداد میں شرکاء نے اس تقریب میں شرکت کی ۔۔

TOPPOPULARRECENT