ایودھیا میں سخت کشیدگی کے بعد حالات بحال

ایودھیا ۔ 26 نومبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایودھیا میں دوشنبہ کو عام صورتحال معمول کے مطابق دکھائی دی جہاں گزشتہ ہفتہ کے اوآخر شیوسینا اور وی ایچ پی کی ریالیوں کے زیراثر کافی کشیدگی پیدا ہوگئی تھی اور مختلف گوشوں کی جانب سے مختلف اندیشے ظاہر کئے جارہے تھے ۔ تاہم یہ دن گذر گئے اور آج اسکولی بچے اپنے اسکولوں کو جوش و خروش کے ساتھ جاتے نظر آئے ، تاجرین نے اپنے کاروبار شروع کردیئے اور مقامی لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے کہ دو بڑی ریالیوں کے باوجود حالات بگڑنے سے محفوظ رہے ہیں ۔ ایک مقامی شخص بھاسکر سنگھ نے کہاکہ اُنھیں پہلی مرتبہ اس طرح کا ماحول دیکھنے کا تجربہ ہوا ہے کیونکہ جب کبھی مختلف تنظیموں نے مذہب یا رام مندر کے نام پر یہاں مختلف ایونٹس منعقد کئے اُس کا اکثر و بیشتر خراب نتیجہ برآمد ہوتا رہاہے ۔ ایسا لگا کہ اُنھیں راحت کی سانس نصیب ہوئی ہے کیونکہ مندروں کاٹاؤن اتوار کو وی ایچ پی کی دھرم سبھا کے بعد آخر کار دوبارہ پرسکون ہوگیا ہے ۔ مصروف علاقہ رکاب گنج کی ایک ہوٹل میں کام کرنے والے برجیش کمار نے کہاکہ اُن کے لئے نئے ہفتہ کا معمول کے مطابق آغاز ہوا ہے ، انھوں نے بتایا کہ خوردونوش کی تمام دوکانیں اور دیگر مراکز کُھلے ہیں ۔ میڈیکل شاپس معمول کے مطابق ادویات فروخت کررہے ہیں ۔ بعض دوکانات پر گاہکوں کی طویل قطاریں بھی دیکھی گئی ۔ ترکاری کی منڈی بھی ہجوم سے بھری نظر آئی ۔ برجیش نے کہاکہ اُنھیں شہر میں پوری طرح سکون کا ماحول نظر آیا ہے ۔ چونکہ وی ایچ پی کی دھرم سبھا پرسکون گذر گئی اس لئے مقامی مسلم آبادی کو بھی راحت ملی ہے اور وہ یہی چاہتے ہیں کہ بابری مسجد ۔ رام جنم بھومی تنازعہ کا کوئی دائمی پرامن حل برآمد ہوجائے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT