Tuesday , December 12 2017
Home / Top Stories / ایونکا ٹرمپ حیدرآباد میں خاتون صنعت کاروں کی قیادت کریں گی

ایونکا ٹرمپ حیدرآباد میں خاتون صنعت کاروں کی قیادت کریں گی

گلوبل انٹر پرنیورشپ چوٹی کانفرنس میں 170 ملکوں کے نمائندوں سمیت سعودی عرب ، افغانستان سے بھی خاتون صنعت کاروں کی شرکت
واشنگٹن ۔ 18 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : حیدرآباد میں منعقد ہونے والے گلوبل انٹر پرنیور شپ چوٹی کانفرنس میں صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کی دختر ایونکا ٹرمپ خاتون صنعت کاروں کی قیادت کریں گی ۔ امریکہ نے آج کہا کہ ہندوستان کے شہر حیدرآباد میں منعقد ہونے والی اس عالمی چوٹی کانفرنس میں صنعت کاروں سرمایہ کاروں اور ایکوسسٹم سے مربوط حامیوں کی اکثریت شرکت کررہی ہے ۔ وائیٹ ہاوز کی مشیر اعلی ایونکا اس ماہ کے اواخر 28 نومبر کو حیدرآباد میں منعقدہ کانفرنس میں امریکی وفد کی قیادت کریں گی ۔ اس چوٹی کانفرنس میں 170 ملکوں سے تعلق رکھنے والے 1500 صنعت کار شرکت کررہے ہیں ۔ ہندوستان اور امریکہ کی میزبانی میں منعقد ہورہی چوٹی کانفرنس ایک بڑی تقریب ہوگی جس میں خواتین کو اولیت دی گئی ہے ۔ تمام شعبوں میں خواتین کی ترقی و خوشحالی کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ خاتون صنعت کاروں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے جون میں وائیٹ ہاوز کا دورہ کرتے ہوئے 36 سالہ ایونکا ٹرمپ کو دورہ ہند کی دعوت دی تھی ۔ درحقیقت اس کانفرنس میں افغانستان ، سعودی عرب اور اسرائیل کے بشمول زائد از 10 ملکوں کی نمائندگی کرنے والی خواتین کا وفد حصہ لے رہا ہے ۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے کہا کہ اس کانفرنس کا وزیراعظم نریندر مودی افتتاح کریں گے ۔ گلوبل انٹر پرنیورشپ چوٹی کانفرنس میں شرکت کرنے والے زائد از 31.5 فیصد صنعت کار 30 سال کی عمر یا اس سے کم عمر کے ہیں ۔ سب سے کم عمر صنعت کار 13 سال کی ہے جبکہ سب سے معمر 84 سالہ صنعت کار ہیں ۔ کانفرنس میں خاتون صنعتکاروں کا فیصد 52.5 فیصد ہے ۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ اس عالمی صنعتکاروں کی چوٹی کانفرنس میں خواتین کی اکثریت شرکت کررہی ہے ۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے مزید کہا کہ اس چوٹی کانفرنس میں 127 ملکوں سے تعلق رکھنے والی خواتین حصہ لے رہی ہیں ۔ جن کی قیادت صدر ٹرمپ کی دختر ایونکا کررہی ہیں ۔ حیدرآباد میں 28 تا 30 نومبر منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں امریکی صنعت کاروں سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد حصہ لے رہی ہے ۔ جن کا امریکہ کے 38 ریاستوں سے تعلق ہے ۔ گلوبل انٹر پرنیور سمٹ ( جی ای ایس ) ہندوستان کے جنوبی شہر حیدرآباد میں منعقد ہورہی ہے ۔ جس میں 170 ممالک کے 1500 نئے صنعتکار اور تجارتی شخصیات شرکت کریں گے ۔ امریکہ اور ہندوستان اس سمٹ کا مشترکہ طور پر اہتمام کررہے ہیں ۔ جس کے اہم موضوعات میں ’ خواتین پہلے سب کے لیے ترقی و خوشحالی ‘ بھی شامل ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT