Wednesday , October 17 2018
Home / شہر کی خبریں / ایونکا ٹرمپ کی خاطر فقیروں پر پولیس کا عتاب

ایونکا ٹرمپ کی خاطر فقیروں پر پولیس کا عتاب

شہر کی سڑکوں سے گداگروں کو ہٹانے بڑے پیمانے پر کارروائی
حیدرآباد۔/8نومبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد پولیس نے شہر کی سڑکوں پر بھیک مانگنے پر امتناع عائد کردیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر خاصکر چوراستوں پر فقیروں کی موجودگی اور بھیک مانگنے کیلئے ادھر سے اُدھر دوڑنے کے باعث ٹریفک میں خلل پیدا ہورہا ہے اور راہگیروں کو بھی پریشانی لاحق ہوگئی ہے۔ پولیس کے احکامات حیدرآباد میں 28 نومبر سے منعقد ہونے والے سہ روزہ آٹھویں سالانہ گلوبل انٹر پرینور شپ چوٹی کانفرنس سے قبل جاری کئے گئے ہیں۔ اس کانفرنس میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی دختر ایونکا ٹرمپ اور وزیر اعظم نریندر مودی کی شرکت متوقع ہے۔ شہر کی سڑکوں سے فقیروں کو ہٹانے حیدرآباد پولیس کمشنر ایم مہندر ریڈی کی جانب سے کے احکامات ملتے ہی کئی مقامات پرسے فقیروں کوہٹادیا گیا اور انہیں بازآبادکاری مراکز پہنچایا گیا۔ ایونکا ٹرمپ کے دورہ کے پیش نظر فقیروں پر پولیس کا عتاب نازل ہوا ہے۔ بظاہر پولیس فقیروں کو ہٹانے کیلئے ٹریفک میں خلل کا بہانہ بتارہی ہے۔ پولیس کی نوٹس کے مطابق عام مقامات پر خاص کر شہر کے بڑے چوراستوں پر 2 ماہ تک بھیک مانگنے پر پابندی عائد کی گئی ہے اور یہ پابندی 7 جنوری 2018 کی صبح تک برقرار رہے گی۔ کوئی بھی شخص اس پابندی کی خلاف ورزی کرے گا تو اسے تعزیرات ہند کی دفعہ 188 کے تحت سزا دی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT