Tuesday , December 19 2017
Home / جرائم و حادثات / ایچ ایم ڈی اے کا سابق فیلڈ آفیسر گرفتار ، کروڑہا روپیوں کی ہیرا پھیری کا الزام

ایچ ایم ڈی اے کا سابق فیلڈ آفیسر گرفتار ، کروڑہا روپیوں کی ہیرا پھیری کا الزام

اثاثہ جات اور نقد رقم ضبط ، ڈی سی پی ایسٹ زون ڈاکٹر ای رویندر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ /25 مارچ (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (ایچ ایم ڈی اے) کے کروڑہا روپئے کی رقومات کی ہیرا پھیری میں ملوث سابق فیلڈ آفیسر اور اس کے ساتھی کو گرفتار کرلیا ۔پولیس نے ملزمین کے قبضے سے 5 کروڑ سے زائد اثاثہ جات اور نقد رقم برآمد کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ایسٹ زون ڈاکٹر ای رویندر نے بتایا کہ 39 سالہ لوناوت شنکر جو سابق میں ایچ ایم ڈی اے میں فیلڈ آفیسر (سائی سکیورٹی سرویسیس) کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکا ہے ۔ اس نے ایچ ایم ڈی اے کے چیکس سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے جعلی بینک کھاتوں میں سرکاری رقم کی منتقلی کی ۔ لوناوت شنکر جو سال 2008 ء تک ایچ ایم ڈی اے میں فیلڈ آفیسر تھا ۔ الہ آباد بینک ، اوورسیز بینک میں ایچ ایم ڈی اے کے چیکس پر تحریر کردہ رقم کو جعلسازی کے ذریعہ جعلی بینک کھاتوں میں منتقل کرتے ہوئے کروڑہا روپئے کی جائیدادیں اور قیمتی گاڑیاں خریدی تھی ۔ بڑے پیمانے پر جعلسازی کا انکشاف ہونے پر ایچ ایم ڈی اے کے ایک اکاؤنٹ آفیسر وائی وجئے موہن کرشنا نے شنکر کے خلاف کارروائی کا انتباہ دیا جس کے نتیجہ میں شنکر نے ایڈمنسٹریٹیو آفیسر کو بھی اپنے جال میں پھنساکر لاکھوں روپئے کا حصہ دینے لگا ۔ تارناکہ میں واقع ایچ ایم ڈی اے کے چیف اکاؤنٹ آفیسر مسٹر محمد انور احمد نے عثمانیہ یونیورسٹی پولیس کو بڑے پیمانے پر کئے گئے دھوکہ دہی  کی شکایت درج کروائی جس پر پولیس فوری کارروائی کرتے ہوئے لوناوت شنکر ، وجئے موہن کرشنا اور اس کے ایک ساتھی راجیو احمد کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ شنکر ایچ ایم ڈی اے کے آڈيٹرس کو اس دھوکہ دہی کی بھنک بھی نہیں لگنے دی اور سال 2008 ء سے اب تک 5.87 کروڑ کا غبن کیا ۔ پولیس نے شنکر کے قبضے سے لاکھوں روپئے مالیتی طلائی زیورات ، تین کروڑ سے زائد مالیتی جائیدادوں کے دستاویزات ، 60 لاکھ مالیتی قیمتی کاریں وغیرہ ضبط کرلئے ۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار شنکر نے اپنے عزیز و اقارب اور معیاری تقاریب میں 5 لاکھ تک خرچ کئے ۔ پولیس نے ایچ ایم ڈی اے کے ایڈمنسٹریٹیو آفیسر کرشنا موہن کے قبضے سے بھی 45 لاکھ مالیتی جائیدادوں کے دستاویزات برآمد کرلئے چونکہ شنکر نے اسے اب تک 87 لاکھ روپئے بطور رشوت ادا کئے ۔

TOPPOPULARRECENT