Wednesday , December 19 2018

ایکٹریس و این سی پی امیدوار کو شیوسینا ایم پی کی دھمکیاں

ممبئی ۔ 17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پولیس نے این سی پی امیدوار اور فلم ایکٹریس نونیت کور۔ رانا کے خلاف بدکلامی اور دھمکیاں دینے پر شیوسینا کے لوک سبھا ایم پی آنند راؤ اڈسول اور دیگر دو کے خلاف معاملہ درج کیا ہے۔ دریں اثناء گاؤگے نگر پولیس اسٹیشن کے عہدیدار نے بھی معاملہ درج کرنے کی توثیق کی۔ اس سلسلہ میں جب مسٹر اڈسول سے رابطہ قائم کیا گیا تو انہوں نے اس واقعہ کی تردید کی اور کہا کہ یہ الزام بے بنیاد ہے

اور نونیت کور۔ رانا سستی شہرت حاصل کرنا چاہتی ہے۔ دوسری طرف 27 سالہ جنوبی ہند کی اداکارہ اور ماڈل نونیت کور ۔ رانا نے کہا کہ گذشتہ دو ماہ سے اڈسول اور ان کے حامی انہیں ہراساں کررہے ہیں، کیونکہ انہیں اس بات کا یقین ہوگیا ہیکہ وہ این سی پی کے ٹکٹ پر اڈسول کے خلاف لوک سبھا انتخابات لڑنے والی ہیں۔ یاد رہیکہ نونیت کور ۔ رانا امراوتی کے آزاد لیجسلیٹر روی رانا کی اہلیہ ہیں۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ آج جب وہ پولیس اسٹیشن میں اپنی شکایت درج کروا رہی تھیں تو انہیں اڈسول کا فون کال موصول ہوا، جس میں انہوں نے مجھے دھمکی دی کہ اگر میں نے انتخابات میں حصہ لینے کیلئے کاغذات نامزدگی پُر کئے تو وہ میری زندگی کا آخری دن ہوگا۔ نونیت کور۔ رانا نے کئی کنڑی اور تلگو فلموں میں اداکاری کی ہے اور روی رانا سے انہوں نے 2011ء میں شادی کی تھی۔ پولیس اس معاملہ کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT