Thursday , January 18 2018
Home / شہر کی خبریں / ایک دن میں 10,100 ای چالانات کی ادائیگی

ایک دن میں 10,100 ای چالانات کی ادائیگی

ٹریفک پولیس کو دو ماہ میں 3.5 کروڑ روپئے کی آمدنی

ٹریفک پولیس کو دو ماہ میں 3.5 کروڑ روپئے کی آمدنی
حیدرآباد ۔ 10 ۔ فروری (سیاست نیوز) حیدرآباد ٹریفک پولیس کو گزشتہ دو ماہ میں ای چالانات کی ادائیگی سے 3.5 کروڑ کی آمدنی ہوئی ہے جبکہ کل ایک ہی دن میں 10,100 چالانات کی ادائیگی عمل میں آئی جو اب تک کا ریکارڈ ہے۔ اس سلسلہ میں تفصیلات بتاتے ہوئے ایڈیشنل کمشنر آف پولیس ٹریفک مسٹر جتیندر نے بتایا کہ حیدرآباد ٹریفک پولیس کی جانب سے ای چالانات مہم کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اور انہوں نے عوام کا اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ بغیر رقم کے چالانات کی اسکیم کیلئے بھرپور تعاون کیا ہے، اس سے بہتر نتائج حاصل ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے عوام دوست اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چالانات کرنے کیلئے سب انسپکٹر رتبہ کے عہدیدار کو اختیار ہے اور اس سے کم رتبہ کے عہدیدار کو گاڑی روکنے یا دستاویزات کی جانچ کرنے کی اجازت نہیں۔ مسٹر جتیندر نے بتایا کہ ٹریفک پولیس چالانات اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے سے زیادہ ٹریفک کو باقاعدہ بنانے پر توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسمارٹ پولیسنگ اور پولیس ملازمین کے برتاؤ میں سدھار لانے کیلئے اُن کے ڈریس پر کیمرہ لگا ہوا ہوگا جس سے پولیس عہدیدار کی حرکات و سکنات کی ویڈیو گرافی کی جائے گی۔ ان کیمروں سے پولیس ملازمین کی جانب سے اپنے اختیارات کے بیجا استعمال کو روکا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ٹریفک کرینس پر بھی کیمرے نصب کئے جارہے ہیں تاکہ غیر قانونی طور پر پارک کی گئی گاڑیوں کی ویڈیو گرافی اور پولیس کی کارروائی کا ثبوت رکھا جاسکے۔ حالتِ نشہ میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف ٹریفک پولیس مزید شکنجہ کستے ہوئے ٹریفک پولیس ملازمین کو ٹیبلیٹس فراہم کر رہی ہے تاکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیور کے تفصیلات بروقت درج کئے جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک روڈ ٹرانسپورٹ اتھاریٹی (آر ٹی اے) نے عادی قانون کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے دو لائسنس منسوخ کردیئے ہیں جبکہ 6 افراد کے لائسنس کو 6 ماہ کیلئے معطل کردیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT