Wednesday , November 22 2017
Home / ہندوستان / ایک رتبہ۔ ایک وظیفہ پر وزیر دفاع کے ریمارک پر ناراضگی

ایک رتبہ۔ ایک وظیفہ پر وزیر دفاع کے ریمارک پر ناراضگی

سابق فوجیوں نے 1965 جنگ کی گولڈن جوبلی تقاریب کا بائیکاٹ کردیا

نئی دہلی۔/28اگسٹ ، ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک رتبہ اور ایک وظیفہ کے پیچیدہ مسئلہ کی یکسوئی کیلئے حکومت کی تازہ پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے سابق فوجیوں نے آج1965  جنگ کی گولڈن جوبلی تقاریب کا بائیکاٹ کردیا جبکہ اس مطالبہ پر وہ گزشتہ 75دن سے احتجاج کررہے ہیں۔ صدر نشین انڈین ایکس سرویس مین مومنٹ میجر جنرل ستبیر سنگھ (ریٹائرڈ ) نے بتایا کہ حکومت نے بالآخر جو پیشکش کی ہے وہ ہمارے لئے قابل قبول نہیں ہے۔ ہم سے جو بات کہی گئی تھی اس کی تشریح آج بدل دی گئی گوکہ پارلیمنٹ میں اس مطالبہ کو قبول اور فیصلہ کرلیا گیا تھا، انہوں نے بتایا کہ سابق فوجیوں نے حکومت کی اس تازہ پیشکش کو مسترد کردیا ہے کہ سالانہ کی بجائے ہر پانچ سال میں ایک مرتبہ وظیفہ میں اضافہ کیا جائیگا۔ میجر جنرل ستبیر سنگھ نے بتایا کہ ہم اس موقف پر اٹل ہیں کہ وظیفہ پر نظر ثانی سال 2013-14 کی بنیاد پر کی جائے اور اضافی وظیفہ یکم اپریل 2014 سے ادا کیا جائے۔

ایک رتبہ ایک عہدہ کے مطالبہ کو ساتویں پے کمیشن تک نہ ٹالا جائے اور پارلیمنٹ میں جن سفارشات کو منظور کیا گیا تھا اس کی تشریح اور تاویل میں ردبدل نہ کیا جائے تاہم حکومت کا یہ اصرار ہے کہ 2011 کو بنیادی سال تصور کیا جائے اور یہ واضح کیا کہ سالانہ 3فیصد اضافہ نہیں ہوگا اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ ادائیگی کا عمل یکم اپریل 2015 سے ہوگا۔ لیکن سابق فوجیوں نے اس پیشکش کی قبولیت سے انکار کردیا ۔ او آر او پی کے خدوخال مرتب کرنے میں حکومت کی تاخیر سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے سابق فوجیوں نے آج پاکستان کے ساتھ 1965 کی جنگ کی گولڈن جوبلی تقاریب کا بائیکاٹ کردیا۔ وزیر دفاع منوہر پاریکر کے اس ریمارک پر وہ برہم ہوگئے کہ ایک رتبہ ایک عہدہ اسکیم پر عمل آوری کیلئے حکومت کومزید کچھ وقت دینے کی ضرورت ہے۔سابق فوجیوں نے بتایا کہ آج ایک تقریب کے دوران وزیر دفاع کے دیئے گئے بیان پر وہ دلبرداشتہ ہوگئے۔

نئی دہلی میں عبدالکلام کی قیامگاہ میں
نالج سنٹر کے قیام کی تجویز
نئی دہلی۔/28اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے ارکان خاندان نے آج حکومت سے یہ گذارش کی ہے کہ نئی دہلی میں راجہ 3مارگ پر سابق صدر جمہوریہ کی یاد میں نیشنل سنٹر فار نالج ڈسکوری قائم کیا جائے جہاں پر وہ آخری وقت تک قیام پذیر تھے۔ عبدالکلام کے رشتہ داروں شیخ داؤد اور شیخ سلیم نے آج ویر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کرتے ہوئے سابق صدر کے بڑے بھائی اے پی جے ایم ماریکیار کا ایک مکتوب حوالے کیا جس میں وزیر اعظم سے یہ گذارش کی گئی ہے کہ راجہ 3مارگ پر واقع عبدالکلام کی قیامگاہ کو نالج سنٹر میں تبدیل کردیا جائے تاکہ مرحوم صدر کے معلوماتی خزانہ بشمول کتب اور دیگر اشیاء سے طلبہ و نوجوان استفادہ کرسکیں۔

 

1965 کی جنگ کے بہادر سپاہیوں کو
وزیر اعظم کا خراج عقیدت
نئی دہلی ۔ 28 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : وزیر اعظم نریندر مودی نے آج پاکستان کے ساتھ 1965 کی جنگ کے 50 سال کی تکمیل پر بہادر سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے اپنی قربانیوں کے ذریعہ ملک کے اتحاد اور یکجہتی کا تحفظ کیا ہے ۔ وزیر اعظم نے اپنے ٹوئٹر پر کہا کہ ان بہادر سپاہیوں کو سلام ، جنہوں نے مادر وطن کیلئے جان کی بازی لگادی ۔انہوں نے سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کی فعال قیادت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ 1965 کی جنگ میں انہوں نے قوم کی رہنمائی کی تھی ۔

TOPPOPULARRECENT